کراچی : آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی منانے کیلئے ملک بھر میں 10 اپریل سے 10 مئی تک ” میرا آئین میری آزادیوں کی ضمانت” کے طور پر منایا جائے گا ۔ سندھ بھر کے سکولوں میں تقریری مقابلے منعقد ہونگے ۔ جیتنے والوں کو اسلام آباد مدعو کیا جائے گا ۔
ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشن سندھ کی ایڈیشنل رجسٹرار رافیعہ جاوید نے تمام ڈائریکٹرز کو خط لکھا ہے کہ جس میں کہا ہے کہ قومی اسملی کی جانب سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین بننے کے 50 سال مکمل ہونے پر تقریبات کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔اس سلسلے میں 10 اپریل سے 10 مئی 2023 یہ تقریبات جاری رہیں گی ۔
یہ ایک ماہ قوم کی تشکیل اور اس کی ضمانت دینے والے آئین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے منایا جائے گا ۔ آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں اسکولوں کے درمیان “میرا آئین میری آزادیوں کی ضمانت” کے موضوع پر تقریری مقابلہ منعقد کیا جائے گا ۔
اس حوالے سے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آپ کے دائرہ اختیار کے تحت کام کرنے والے پرائمری اور مڈل اسکولوں کی سطحوں پر تقریری مقابلے منعقد کیئے جائیں جن میں فاتحین کے نام 24 اپریل تک ڈائریکٹوریٹ کو بھیجیں جائیں تاکہ ان کے نام اسلام آباد بھیجیں جائیں جس کے بعد یہ تمام فاتح مقررین اسلام آباد جاکر پارلیمانی کنونشن میں حصہ لیں گے ۔
اس سلسلے میں دانش علی بھٹو ڈپٹی ڈائریکٹر سے مذکورہ نمبروں 0519022356، 03313138594 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

