صدرِ انجمن واجد جواد کی سربراہی میں انجمن ترقی اردو پاکستان کے وفد کا سندھ آرکائیو ڈپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کے خصوصی مشیر طارق حسن نے ڈپارٹمنٹ کے شعبہ جات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ سندھ آرکائیو میں55 ہزار سے زائد کتب ہیں، ان میں نادر کتب اور مخطوطات بھی شامل ہیں۔ ان نادر کتب کومخطوطات کو محفوظ بنانے کے لیے لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے جہاں انھیں بین الاقوامی معیار کے مطابق سائنسی طریقے سے محفوظ کیا جا رہا ہے۔
یہاں پر ایک منفرد شعبہ نیوزیم (newsium) بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس شعبے میں قدیم اخبارات رکھے گئے ہیں جو محققین کے لیے نہایت کارآمد ہیں۔ انجمن کے وفد میں صدرِ انجمن واجد جواد، نگراں ادبی امور سیّد عابد رضوی، ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی سمیت انجمن کے شعبہ ڈیجیٹائزیشن اور کتب خانے کے عملے نے شرکت کی۔
انھوں نے سندھ آرکائیو میں ہونے والے کاموں کو سراہا اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدرِ انجمن واجد جواد نے کہا کہ اس ادارے میں نہایت قیمتی و نایات کتب موجود ہیں۔ سندھ آرکائیو میں مخطوطات کو محفوظ بنانے کے لیے لیبارٹری میں عالمی معیار کے مطابق ہونے والا کام قابلِ ستائش ہے۔
سیّد عابد رضوی نے کہا کہ مخطوطات کے محفوظ بنانے کے لیے اس ادارے کا کردار نہایت دلچسپ اور خوش آئند ہے۔ بعد ازاں انجمن ترقی اردو پاکستان کی جانب سے ادارے کے سربراہ اور مشیر وزیرِاعلیٰ سندھ طارق حسن کو کتابوں کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

