کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم آرٹس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے نتائج جاری کر دیئے ۔
انٹر میڈیٹ بورڈ آرٹس ریگولر گروپ حصہ دوم کیلئے 21 ہزار 478 امیدواروں نے رحسٹریشن کرائی جس کے بعد امتحانی عمل میں 20 ہزار 677 طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔ان میں سے 11 ہزار 518 طلباء کامیاب ہوئے ہیں ۔ کامیابی کا تناسب 50.77 فیصد رہا ہے ۔
انٹر میڈیٹ بورڈ آرٹس ریگولر حصہ دوم میں 122 طلباء A ون میں کامیاب ‛ 992 طلباء A گریڈ میں کامیاب ‛ 2284 طلباء B گریڈ میں کامیاب ‛ 3707 طلباء C گریڈ میں کامیاب اور 3924 طلباء D گریڈ میں اور 489 طلباء E گریڈ میں کامیاب ہوئے ہیں ۔
ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے کہا کہ آرٹس ریگولر گروپ میں پہلی پوزیشن مشترکہ طور پر اقراء حفاظ گرلز سائنس کالج بلاک بی نارتھ ناظم آباد کی طالبات نور الحرم بنت وقار الدین رول نمبر 669770 اور خدیجہ بنت محمد شاکر لاکھانی رول نمبر 669768 نے ٹوٹل 1100میں سے 994نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن بھی اسی کالج کی عبیرہ ہدیٰ بنت علم الہدیٰ خان رول نمبر 669763 نے 992 نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی، تیسری پوزیشن پاکستان اسٹیل مادر ملت گرلز ڈگری کالج اسٹیل ٹاؤن کی لائبہ بنت عبدالشکور رول نمبر 654284 نے 988 نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی۔
نتائج اعلان کے فوری بعد بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کر دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ (Android App) کے ذریعہ بھی معلوم کر سکتے ہیں۔اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جا سکتا ہے۔
انٹربورڈ کراچی انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن حاصل کرنے والے تمام طلبہ کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے والدین اور متعلقہ تعلیمی اداروں کے پرنسپلز کے ساتھ میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

