انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی اپیل پر آج جامعہ کراچی میں اساتذہ کی جانب سے ڈائریکٹر فنانس کی برطرفی کے لئے یوم سیاہ منایا گیا۔ اساتذہ بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کلاسز میں گئے، جبکہ جامعہ کراچی میں انتظامی بلاک سمیت اہم چوراہوں پر ڈائریکٹر فنانس کی برطرفی کے مطالبے کے بینرز آویزاں کئے گئے۔

انجمن اساتذہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے موجودہ ڈائریکٹر فنانس کو جو ساٹھ سال کی عمر کی حد بھی کراس کر چکے ہیں اور جامعہ کراچی کے مالی معاملات کو چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہیں، ہٹا کر کسی اہل فرد کو ڈائریکٹر فنانس نہیں لگایا گیا تو احتجاج کے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

دریں اثنا انجمن اساتذہ نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائریکٹر فنانس کی جانب سے روکی ہوئی ایوننگ کلاسز کے بلوں کی ادائیگیاں، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات، ہسپتالوں کی پینل پر بحالی سمیت دیگر ادائیگیوں کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے

