شعور فاؤنڈیشن کے پی اے سی ٹی (PACT) پروجیکٹ کے تحت ممبر سنڈیکیٹ جامعہ کراچی ڈاکٹر حسان اوج کے زیر نگرانی تربیتی ورکشاپ بعنوان: ”کونفلیکٹ مینجمنٹ ٹریننگ“ کا انعقاد منگل کو کلیہ معارف اسلامیہ جامعہ کراچی میں کیا گیا۔مذکورہ ورکشاپ میں چھ اساتذہ جبکہ پچیس افسران کو تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ جامعہ کراچی میں پر امن ماحول کے فروغ اور لسانی فسادات،مذہبی منافرت،رنگ ونسل کے امتیاز اور تعصبات کے سدباب کے لئے اپنا کرداراداکرسکیں۔
اس موقع پر صدر شعبہ علوم اسلامی جامعہ کراچی ڈاکٹر عارف خان ساقی نے کہا کہ قرآن پاک میں صلح کرانے اور فرائض کی ادائیگی کا حکم دیاگیاہے جبکہ مغرب نے ہمیں صرف حقوق کے نعروں تک محدود کردیاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کے ذہنوں کو قرآن پاک کی تعلیمات سے منور کریں اور درپیش معاشرتی مسائل کا قرآن کے ذریعے حل تلاش کرنے کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔
اس موقع پر ممبر سنڈیکیٹ جامعہ کراچی ڈاکٹر حسان اوج نے کہا کہ ہمیں اسلامی تعلیمات کے منافی چیزوں کو پس پشت ڈالنا ہوگا،اسی صورت ہم ایک پر امن اورفلاحی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔جو غلط چیزیں بچپن سے ہی ہمارے اذہان میں ٹھونس دی گئیں ہیں انہیں محوکرکے ازسرنونظریات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے خود احتسابی کا عمل ناگزیر ہوتاہے جبکہ ہمارے یہاں المیہ یہ ہے کہ خود کو فرشتہ ثابت کرنے جبکہ دوسروں کو شیطان سے بھی بدتر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ہمیں اپنی یہ سوچ بدلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا اس طرح کے تربیتی ورکشاپ کا سلسلہ پورے سال تواتر کے ساتھ جاری رہے گا۔

