Sunday, December 7, 2025
صفحہ اولNewsوزیر اعلی سندھ جامعہ کراچی و اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں :...

وزیر اعلی سندھ جامعہ کراچی و اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں : انجمن اساتذہ

کراچی : انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے سیکریٹری ڈاکٹر معروف بن رؤف نے جامعہ کراچی اور اس سے وابستہ تحقیقی اداروں کو درپیش حالیہ بحران کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ ICCBS کے حوالے سے مجوزہ قانون ایک ایسے طریقہ کار کے ذریعے لایا جا رہا ہے جس میں جامعہ کراچی کو اعتماد میں لیا گیا ہے نہ ہی متعلقہ فیکلٹی، طلبہ یا ملازمین سے کوئی مشاورت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ محض 1% ڈونیشن دینے والے چند افراد کو ادارے کے بنیادی فیصلوں پر غیر معمولی اختیار دینا نہ صرف تعلیمی خود مختاری کے منافی ہے بلکہ اس سے سینکڑوں طلبہ، محققین اور ملازمین کے مستقبل پر براہِ راست اثرات مرتب ہوں گے۔

اساتذہ کا سوال یہ ہے کہ کیا ڈونیشن دینے والے ڈونرز، انویسٹرز بنائے جا سکتے ہیں ؟ اگر بنائے جا سکتے ہیں تو پھر یہی 2 ڈونرز کیوں؟ جبکہ ان کی ڈونیشنز کل ڈونیشنز کا صرف 1% سے بھی کم بنتی ہے۔

اسی طرح جامعہ کراچی کی زمینوں پر جاری قبضہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کی سرگرمیاں ایک عرصے سے ادارے کے بنیادی اثاثوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ عدالتوں میں جاری مقدمات اور مختلف فورمز پر دائر اپیلوں کے باوجود زمین پر قبضے کی مسلسل کوششیں تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کے اساتذہ کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ICCBS کا موجودہ بل کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اساتذہ، طلبہ اور ملازمین کے بنیادی حقوق، ادارہ جاتی خودمختاری اور شفاف طرزِ حکمرانی کو متاثر کرنے والا ہر فیصلہ مسترد کیا جائے گا۔

جامعہ کی زمینوں پر قبضہ کی ہر کوشش کا قانونی و ادارہ جاتی سطح پر بھرپور مقابلہ ہو گا۔ انجمن کی نئی تشکیل شدہ Land Vigilance Committee اس حوالے سے مسلسل مانیٹرنگ اور رپورٹنگ جاری رکھے گی۔

وزیر اعلی سندھ سے اپیل ہے کہ وہ فوری طور پر ICCBS کے معاملہ پر جامعہ کراچی اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے شفاف مشاورت کریں۔ کیونکہ اس بل کا سب سے زیادہ نقصان جامعہ کراچی کو پہنچنے کا خدشہ ہے لہذا ہم چاہتے ہیں کہ کوئی بھی چیز تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور طلبہ، فیکلٹی اور اسٹاف کے مستقبل کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے سوچی جائے۔

اس پورے عمل کے لیے سفارشات پیش کرتے ہوئے ان کے ممکنہ حل جن پر فوری اقدام ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ مجوزہ بل پر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ تکنیکی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ ICCBS کے انتظامی و قانونی ڈھانچے کو جامعہ کراچی کے کوڈ کی بنیاد پر چلایا جائے۔

جامعہ کی زمینوں کے ریکارڈ کی جدید ڈیجیٹل میپنگ اور قانونی فائر وال کا نفاذ ہو۔ قبضہ مافیا کے خلاف مشترکہ آپریشن اور مقدمات کے فوری فیصلوں کے لیے خصوصی میکانزم بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی یہ باور کرانا چاہتی ہے کہ ہم ادارے کے مفاد، اساتذہ کے حقوق اور طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اپنا آئینی، اخلاقی اور ادارہ جاتی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین