Tuesday, February 3, 2026
صفحہ اولتازہ ترینجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں تیار کردہ سافٹ ویئرز کی فروخت اور...

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں تیار کردہ سافٹ ویئرز کی فروخت اور کرائے پر دینے کی منظوری

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کا 27 واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کی جانب سے پیش کردہ ایجنڈا کی منظوری دی گئی جبکہ 18 ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو بطور کمپیوٹر آپریٹرز اپ گریڈ کرنے کی تجویز کو موخر کردیا گیا۔ ایچ ای سی کے نئے رہنما خطوط کے مطابق ڈاکٹر محمد اقبال آفریدی کا معاوضہ اور جے ایس ایم یو میں ان کی بطور ممتاز قومی پروفیسر تعیناتی پر تاحال فیصلہ ہونا باقی رہا.

اراکین نے رجسٹرار سے کہا کہ وہ جے ایس ایم یو میں ان کی مجوزہ ذمہ داریوں اور فرائض کے بارے میں ایک پالیسی کی وضاحت کریں۔ اجلاس میں صوبہ سندھ میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلوں کا عمل شروع کرنے کی منظوری متفقہ طور پر دی گئی۔ ارکان کی جانب سے جامعہ میں ایڈمنسٹریٹو اور پری کلینیکل فیکلٹی کی بھرتیوں کے لیے اشتہار دینے کی اجازت بھی دی گئی تاہم کلینیکل فیکلٹی کی آسامیوں کے لیے اشتہار دینے سے قبل ممکنہ مسائل کا جائزہ لینے اور ان کے تدارک کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔

اجلاس میں جے ایس ایم یو اور آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے درمیان گائنی اور اوبس میں ایک سالہ تربیتی پروگرام کے لیے ہونیوالے ایم او یو کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ ڈائریکٹر فنانس عادل رشید کی طرف سے پیش کردہ مالی سال 2023-2024 کے بجٹ کا تخمینہ بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ جے ایس ایم یو میں تیار کردہ سافٹ ویئر اور آئی ٹی متعلقہ دیگر خدمات کی فروخت اور کرایہ پر دینے کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ جے ایس ایم یو کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے انتہائی موثر سافٹ وئیر اور دیگر مواد تیار کیا ہے جو جے ایس ایم یو میں کامیابی سے استعمال ہو رہا ہے، ان میں آن لائن ٹیسٹنگ سافٹ ویئر، بائیو میٹرک مشین، پے رول سافٹ ویئر اور اسٹاف و طلباء کی بائیو میٹرک حاضری کے سافٹ ویئرز بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا کہ “سنڈیکیٹ کا اجلاس نتیجہ خیز رہا اور تمام اہم فیصلے متفقہ طور پر کیے گئے،ہم اپنے طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ہماری جامعہ پاکستان میں میڈیکل کی تعلیم میں سب سے آگے رہے۔ سیکرٹری بورڈز اور جامعات محمد مرید راہیموں نے اجلاس میں ورچوئلی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر اے کیو مغل، پروفیسر ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ، پروفیسر ڈاکٹر شائستہ آفندی، پروفیسر ڈاکٹر زینت عیسانی، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ حسین، ایڈیشنل سیکرٹری صحت لیاقت علی بھٹی اور دیگر نے شخصی طور پر شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین