سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کےمرکزی صدر پروفيسر منور عباس ،مرکزی سيکريٹری جنرل پروفيسر شاہجہاں پنھور، پروفیسر عامر علی شاہ، پروفیسر الطاف کھوڑو، پروفيسر عصمت جہاں، پروفیسر محمد نجبیب لودھی، پروفیسر جڑیل شاہ، سینئر ڈی پی ای خرم رفيع، پروفيسر حمیدہ میر بحر، پروفيسر سعيد احمد ابڑو، پروفيسر رسول قاضی و دیگر عہدہ داران کی جانب سے نگراں وزیراعلی سندھ مقبول باقر کا النور گورنمنٹ گرلز کالج کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دورے کالجز اور وہاں کے ماحول کو بہتر بنانے میں سازگار ثابت ہوں گے۔ سپلا کے رہنماؤں نے نگراں وزیراعلی سے اپیل کی کہ تعلیمی اداروں بالخصوص کالجز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ا
متحانی بورڈز کے قوانین کے مطابق تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حاضری کو 75 فیصد ہونا ضروری ہے مگر افسوس اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا جس کے سبب دن بہ دن کالجز طلبا و طالبات سے خالی ہوتے جارہے ہیں جو کہ افسوس ناک ہے۔ سپلا کے رہنماؤں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی تعلیم ترجیح نہیں رہی جس کے سبب تعلیمی ادارے زبوں حالی کا شکار ہو چکے ہیں۔
سپلا کے رہنماؤں کا یہ بھی کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلی، نگراں وزیر تعلیم اور سیکریٹری کالجز سے پر امید ہیں کہ وہ تعلیمی نظام اور تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور سپلا اس عمل میں آپ کے شانہ کھڑی ہوگی۔

