Tuesday, February 3, 2026
صفحہ اولتازہ ترینعالمی یوم اورل ہیلتھ: عوام گٹکا، چھالیہ و مضر صحت اشیا سے...

عالمی یوم اورل ہیلتھ: عوام گٹکا، چھالیہ و مضر صحت اشیا سے اجتناب کریں، وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج

 

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے تحت منہ کی صحت کے عالمی دن کی مناسبت سے اورل ہیلتھ ویک منایاگیا۔

 

جس کا مقصد عوام کو منہ کی بیماریوں سے بچانے کیلئے منہ کی صحت کی اہمیت اور اسکے مجموعی صحت پر اثرات کو اجاگر کرنا، بچوں اور نوجوانوں کو حفظان صحت کے طریقوں کو اپنانے کی تلقین کرنااور عوام کو باقاعدگی سے ڈینٹل چیک اپ کی ترغیب دینا شامل تھا۔

 

ہفت روزہ سیشنز کے دوران شعبہ کمیونٹی اینڈ پریونٹو ڈینٹسٹری کی سربراہ ڈاکٹر مریم اظفر کی زیر نگرانی جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کی او پی ڈیز، دارالسکون اور اولڈ ایج ہومز میں کیمپس لگائے گئے جس میں مریضوں کا مفت چیک اپ کیاگیا۔

 

انہیں منہ کی صحت کے حوالے سے تحریری مواد ، ٹوٹھ برش اور ٹوٹھ پیسٹ پیش کیا گیا اور منہ کی بیماریوں کے شکار افراد کوجامعہ کی او پی ڈی میں چیک اپ کی تجویز دی گئی ۔اس سلسلے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نےکہاکہ مجموعی صحت کا تعلق براہ راست منہ کی اچھی صحت سے ہے۔

 

عوام بالخصوص نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ پان ، گٹکا، چھالیہ، سیگریٹ اور دیگر مضر صحت اشیاء سے اجتناب کریں کیوں کہ ان اشیاءکا استعمال بڑے پیمانے پر کینسرکے پھیلائوکا باعث ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس آئی او ایچ ایس کی جانب سے عوام میں منہ کی صحت اور اس سے جڑی بیماریوں کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنا لائق ستائش اقدام ہے،مستقبل میںبھی ایسے ایونٹس کا انعقاد کرکے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو منہ کی صحت کی بیماریوں سے بچایا جائے۔

 

ہفتہ بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں کی اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے پوسٹر نمائش کا دورہ کیا، سال دوئم کے طلباء کے پوسٹرز کی نمائش کی نگرانی اور رہنمائی ڈاکٹر حنا شاہ اور ڈاکٹر سنبل نے کی۔ مہمان مقررین میں ڈاکٹر محمود شاہ، ڈاکٹر سید جواد علی شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق علی شاہ تھے۔ رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان اور پرنسپل پروفیسر زبیر عباسی نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔

 

قبل ازیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میںکیمپ کا افتتاح جے پی ایم سی کے ڈینٹل او پی ڈی کی سربراہ ڈاکٹر جہاں عالم ،پرنسپل ایس آئی او ایچ ایس پروفیسر زبیر عباسی اور ڈپٹی رجسٹرار ڈاکٹرثریا ثروت،نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں ڈائریکٹرڈاکٹر ناصرسڈل ، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹرکے ’’اوبس اینڈ گائنی‘‘ وارڈ میں شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر نگہت شاہ اور مسز انیسا امجد اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز میں رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے کیا ۔

 

واضح رہے کہ اورل ہیلتھ ویک کے دوران سیکڑوں افراد کا مفت چیک اپ کیاگیا۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین