کراچی : محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے صوبائی وزیر جامعات اینڈ بورڈ کی ہدایات پر بڑے پیمانے پر افسران کو فوری ریلیو کر کے ان کے اصل ڈیپارٹمنٹ بھیج دیا ہے ۔ مزکورہ تمام افسران کو فوری ان کے اصل ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔
ان میں انٹر بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ بھی شامل ہیں جنہوں نے ڈویژنل بینج اور سنگل بینج سے انٹر بورڈ میں تعیناتی پر حکم امتناع حاصل کر رکھا ہے ۔ جب کہ محکمہ کی جانب سے اس سے قبل بھی انہیں انٹر بورڈ سے ہٹا کر واپس میر پور خاص بورڈ بھیجا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے دوبارہ عدالت سے رجوع کیا تھا جس کے بعد ان کا تبادلہ روک دیا گیا تھا جس کے بعد ایک بار پھر عدالت کے حکم کے برعکس ان کو میر پور خاص بورڈ بھیجنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ بورڈ آف سیکینڈری ایجوکیشن کراچی میں بطور اسسٹنٹ پروگرامر تعینات افتخار ابڑو کو واپس محکمہ زراعت میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن شہید بینظیر آباد میں بطور اسسٹنٹ سیکریٹری تعینات اشفاق احمد شیخ کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاڑکانہ میں ، سکندر علی میر جت ایکٹنگ کنٹرولر ایگزامنیشن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سکھر کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاڑکانہ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
عبد الجبار ڈپٹی کنٹرولر ایگزامنیشن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن شہید بینظیر آباد کو کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اور مظہر میر جت ڈیٹا پروسیسنگ آفیسر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن شہید بینظیر آباد کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاڑکانہ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
شوکت علی خانزادہ ایکٹنگ سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد کو کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
مزکورہ نوٹیفیکیشن سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز مرید راہموں کے دفتر سے سیکشن آفیسر بورڈز محمد زبیر کٹبر کے دستخط سے جاری ہوئے ۔

