کراچی ( دسمبر 10) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاو¿س میں منعقدہ انڈس یونیورسٹی کے بارہویں کانووکیشن میں شرکت کی۔ گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب گریجویٹس کی تعلیمی کامیابیوں کی نشاندہی کرتی ہے، کانووکیشنز صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ترقی کے سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔
پاکستان کا مستقبل میرے سامنے ہے، اور آج آپ اس بات کا عہد کریں کہ ملک کی عزت اوروقار میں اضافے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں نے روز اول سے ہی عوام کے دلوں میں جگہ بنانے کی کوشش کی ہے، اور چاہتا ہوں ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے کچھ کام آ سکوں، انہوں نے کہا کہ گورنر ہاو¿س کا یہ سبزہ زار آپ لوگوں کے ذریعے گل و گلزار بن سکتا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ تمام طلباءعہد کریں کہ ماں باپ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، اور والدین وعدہ کریں کہ بیٹیوں کو بھی برابری کا مقام دلوائیں گے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ انڈس یونیورسٹی، معیاری تعلیم اور ترقی کے لئے اپنے عزم کے لئے جانی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ انڈس یونیورسٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں کی تشکیل اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گورنر سندھ نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زندگی بھر سیکھنے کی اہمیت کو یاد رکھیں، کیونکہ دنیا مسلسل ترقی کر رہی ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ آپ نئے خیالات اور ٹیکنالوجیز کو اپنائیں، انہوں نے کہا کہ میں آپ کو ہمارے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے سفیر بننے کی ترغیب دیتا ہوں، کامیابی کی پیمائش دوسروں کی زندگیوں پر آپ کے مثبت اثرات سے ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے لئے ایک خوشحال اور بھرپور سفر منتظر ہے، اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری اور ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے استعمال کریں گے، میں والدین کا بھی طلبہ کی غیر متزلزل حمایت اور حوصلہ افزائی کے لئے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے چانسلر خالد امین نے کہا کہ سندھ کی تاریخ میں ایسا عوامی گورنر نہیں آیا، کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاو¿س کو ہر آدمی کی پہنچ میں کردیا، انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ نے گورنر ہاو¿س کو گورنر یونیورسٹی بنا دیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم محترمہ رعنا حسین، وائس چانسلر، نگراں صوبائی وزرائ، سرکاری افسران، والدین اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔

