کراچی : انسانی حقوق کا مغربی پروپیگنڈا اور اس کا انسانی حقوق کا تصور یک طرفہ اور جانب دارانہ ہے ، امت مسلمہ اور مسلم حکمراں متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت ، اْس کے توسیع پسندانہ عزائم ، مظلوم فلسطینیوں پر بدترین مظالم اور جنگی جارحیت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔
وفاقی جامعہ اردو کلیہ معارفِ اسلامیہ (عبدالحق کیمپس) کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی سیمینار ” مسلہ فلسطین مسلم اُمہ، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا کردار کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار محمد صدیق نے کہا کہ اسلام امن پسندی کا دین ہے، اسلامی ریاست میں بلا تفریق مذہب وملت ہر فرد کو بنیادی انسانی حقوق اور پوری آزادی حاصل ہے لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ آج فلسطینی مسلمان اپنے ہی ملک ، اپنے ہی سرزمین پر غاصب اسرائیلی جارحیت اور مظالم کا شکار ہیں۔
انسانی حقوق کے معروف رہنما انصار برنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر جو بدترین مظالم ڈھارہا ہے ، اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف عمل ہے۔ ان حالات میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور عالمی اداروں کی زمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کے ظلم اور بر بریت پااسرائیل کے خلاف بھر پور اور موثر کارروائی کرے جنونی مظالم پر عالمی اداروں اور مغربی طاقتوں کی خاموشی حد درجہ قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔
کلیہ معارف اسلامیہ ڈاکٹر حافظ محمد ثانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں مغرب کو اپنے دوہرے معیار کو ترک کرنا ہوگا، مغرب کی پشت پناہی اور سر پرستی کے بغیر اسرائیل اس قسم کے اقدامات کا متحمل نہیں ہوسکتا، آج فلسطینی مسلمانوں پر جو بدترین مظالم ڈھائے جار ہے ہیں ا نسانی حقوق اور جینیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انسانی حقوق کا مغربی پرو پیگنڈا اور اس کا انسانی حقوق کا تصور یک طرفہ اور جانب دارانہ ہے امت مسلمہ اور مسلم حکمراں متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت ، اْس کے توسیع پسندانہ عزائم ، مظلوم فلسطینیوں پر بدترین مظالم اور جنگی جارحیت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔
معروف محقق اور یہودیت پر متعدہ کتابوں کے مصلف رضی الدین سید نے کہا کہ یہودیت کی پوری تاریخ نسل پرستی، مذہبی تعصب ، بدترینغارت گری اور انتہا پسندی سے عبارت ہے، اسرائیل دنیا کا وہ غاصب توسیع پسندانہ ملک ہے جس کی اپنی کوئی سرحد نہیں۔ یہ مستقبل میں عرب دنیا اور مسلم امہ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن معروف محقق ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی نے کہا کہ قرآن وسنت میں یہودیوں کی فطرت اور اْن کے کردار کو واضح طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ یہودیوں کے مکر وفریب، اْن کے جنگ و جدال کی جو تصویر کشی قرآن وسنت میں کی گئی ہے، اسرائیل آج اسی تاریخ کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے ان حالات میں ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی اس کا ایک حل ہے، تاہم جب تک عرب دنیا اور مسلم امہ متحدنہیں ہوگی۔ اسرائیلی جارحیت اور اْس کے توسیع پسندانہ عزا ئم کو روکنا آسان نہیں۔
شعبہ ادیان عالم کے چئیر مین ڈاکٹر عبد الماجد نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کی حمایت اور مدد و نصرت پوری دنیا کے مسلمانوں کا اجتماعی فریضہ ہے، جس کے لیے ان کا اتحاد سب سے بڑی قوت ہے ۔ صدر شعبہ اسلامیات پروفیسر محمد صادق بلوچ نے کہا کہ مغربی دنیا اپنے تعصب کے نتیجے میں اسرائیل کے مظالم اور جنگی جارحیت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے یہی وجہ ہے کہ اسرائیل مظلوم مسلمانوں پر بدترین جنگی جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے ۔
سیمینار میں انجمن اساتذہ وفاقی اردو یو نیورسٹی عبدالحق کیمپس کے صدر انجمن روشن علی سومرو نائب صدر، ڈاکٹر عرفان عزیز ، جنرل سیکرٹری سید شجاع الدین خازن انجمن اور اساتذہ وطلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

