لاہور: وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر محمد کریم خان کی صدارت میں مرکزی سیکریڑیٹ میں منعقد ہوا۔عاملہ اجلاس میں ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری،مفتی امان اللہ شاکر،ڈاکٹر مفتی محمد عمران انور نظامی،سردار مولانا محمد وزیر القادری،پیر ضیاء المصطفی حقانی،مولانا محمد عطاء المصطفی اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں دہشت گردی کی تازہ لہر،انتہاء پسندی اور پرتشدد رویوں کے خلاف ملک بھر میں پیغام پاکستان مہم چلائی جائیگی اور ضلعی سطح پر مدارس کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق 9ستمبر ملتان،10ستمبر بہاول پور،23ستمبر سکھر،24ستمبر ڈیرہ مراد جمالی،25 ستمبر کوئٹہ،یکم اکتوبر کراچی، 14 اکتوبر میر پور،15اکتوبر مظفرآباد،28اکتوبر فیصل آباد،29اکتوبر منڈی بہاؤالدین،4نومبر اسلام آباد میں مدارس کنونشنز ہونگے اور 11نومبر کو لاہور میں مرکزی سطح پر تاریخ ساز کنونشن کیا جائے گا جس میں 3ہزار سے زائد سربراہان مدارس شریک ہونگے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان سے وابستہ مدارس کے ناظمین اور علماء و مشائخ کا اعلی سطحی وفد جڑانوالہ کا دورے بھی کرے گا۔
اجلاس سے وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد کریم خان نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا فرقہ وارنہ دہشت گردی کے پیچھے غیبی طاقتوں کو بے نقاب ہو نا چاہیے۔
قوم کودہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں پر ہے۔تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں امن کے یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہو جائیں۔حکومت ملک میں قیام امن کو پہلی ترجیجی بنائے کیونکہ امن وامان کے بغیرملک ترقی کی شاہراہ گامزن نہیں ہوسکتا۔
امن دشمن کے مقابلے میں امن دوست متحد ہو جائیں۔ پاکستان بنانے والے صوفیاء کے پیروکاراب ملک بچانے کیلئے متحد ہوجائیں۔اہل حق نظام مصطفےﷺکو اپنا مشن بنالیں۔صوفیاء کے ماننے والے نظریہ پاکستان کے محافظ بن کر قومی اتحاد و یکجہتی کو یقینی بنائیں۔نئی آنے والی نسل تک نظریہ پاکستان صحیح سلامت پہنچانا ہمارا فرض ہے۔
پاکستان سے محبت ہمارے جسم میں لہو بن کر دوڑتی ہے۔ اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا سانحہ جڑانوالہ کے مجرموں قران مجید شہید، توہین رسالتﷺکرنے اور مسیحی املاک کو آگ لگانے والوں کو فوری کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور واقعے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔
سیلاب متاثرین کی فوری مدد کی جائے۔ معصوم بچوں کو گھریلوملازم رکھنے پر پابندی عائد کی جائے۔نیشنل ایکشن پلان کی ہر ہر شق پر عمل کیا جائے۔
بجلی اور پڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور یاسین ملک اور دیگر حریت پسند قائدین کی رہائی کیلئے اقدامات کرے۔
سودی نظام معیشت اور فحاشی و عریانی کا خاتمہ کیا جائے۔نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور بیرونی فنڈنگ روکی جائے۔
قادیانیوں کی اسلام دشمن سازشوں کا سدباب کیا جائے۔ اجلاس میں استاذ العلماء علامہ عبدالحق بندیالوی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

