کراچی: پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن کودنیا کی معروف ”وال آف سائینٹسٹ“ میں شامل کر لیا گیا ہے، یہ’وال آف سائینٹسٹ‘سوئٹزرلینڈ کی مشہور ایجینئرنگ یونیورسٹی ’سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی جانب سے نمایاں کی گئی ہے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر عطا الرحمن مسلم دنیا سے پہلے سائینسدان ہیں جن کو اس وال میں شامل کیا گیا ہے اس میں صرف دنیا کے نمایاں ساینسدانوں کو ہی شامل کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ’سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی دنیا میں صفِ اول کی جامعات کی فہرست میں بارویں نمبر پر ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اورآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے پروفیسر عطا الرحمن کو مبارکباد یتے ہوئے اسے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کے لیے اعزازقرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں:انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی کال پر کلاسز کے بائیکاٹ اور احتجاج کا پانچواں روز
واضح رہے کہ پروفیسر عطا الرحمن رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے دنیا کے 500 سو بااثر ترین مسلمانوں کی جاری شدہ فہرست میں شامل ہیں۔ ماضی میں پروفیسر عطا الرحمن چیئر مین اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان اور وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مناصب پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ کئی مرتبہ پاکستان اکیڈمی آف سائینسزکے صدر بھی رہے ہیں۔
اس کے علاوہ مسلم دنیا سمیت کئی دیگر ممالک کی اکیڈمی آف سائینسزکے صدربھی رہے ہیں، اس کے علاوہ چین اور ملائیشیاء میں پروفیسر عطا الرحمن کے نام سے متعدد تحقیقی اور تعلیمی ادارے قائم کیے جاچکے ہیں۔ پروفیسر عطا الرحمن نے نہ صرف ملکی بلکہ متعدد بین الاقوامی ایوارڈبھی حاصل کیے ہیں، چینی صدر ژی جنپنگ نے انھیں چین کا سب سے ’اعلیٰ سائنٹیفک ایوارڈ‘بھی عطا کیا ہے۔
انھیں فیلو آف رائل سوسائٹی (لندن) کا اعزاز بھی حاصل ہے، انھیں ’دی ورلڈ اکیڈمی آف سائینس (ٹی ڈبلیو اے ایس)‘ کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق پروفیسر عطا الرحمن کو ملنے والے ملکی و غیر ملکی اعزازت اور انعامات کی ایک طویل فہرست ہے ۔

