اسلام آباد : چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے اپنی مدت مکمل ہونے پر الوداعی پیغام جاری کیا ہے ۔ جس میں انہوں نے تعلیم کے اعلی شعبے میں اپنی خدمات کا خلاصہ پیش کیا ہے اور اس دوران ان کا کسی بھی صورت میں ساتھ دینے والوں ‛ خیر سگالی کرنے والوں اور تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
ڈاکٹر مختار احمد نے لکھا ہے کہ پاکستان کا اعلیٰ تعلیم کا شعبہ کئی اہم چیلنجز سے گزرا ہے ۔ جس میں مالی دباؤ، انتظامی رکاوٹیں اور معیار میں بہتری کی ضرورت رہی ہے لیکن ان سالوں میں HEC نے نمایاں ترقی بھی حاصل کی ہے اور کمیشن کو تحقیق، جدت اور بین الاقوامی اشتراک حاصل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ HEC کا مشن جاری رہے گا اور جانشین اسی عزم سے تعلیم کو فروغ دے گا ۔
انہوں نے لکھا کہ اس سفر پر نظر ڈالنے پر مجھے مختلف حلقوں ‛حکومت، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی دوستوں کی جانب سے اعتماد اور حوصلہ افزائی پر عاجزی محسوس ہوتی ہے۔ ان سب کی حمایت نے HEC کو اور یونیورسٹیوں کو مضبوط کرنے، طلبا کو بااختیار بنانے، اور پاکستان کی نالج اکانومی کو فروغ دینے میں مدد دی ہے ۔
آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی نالج اکانومی کو مزید تقویت ملے گی اور اعلیٰ تعلیم کا شعبہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ پیغام کا اختتام نعرہ “پاکستان زندہ باد” سے کیا گیا۔

