جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت، تحریک آزادی کشمیر کی مکمل حمایت اور کشمیریوں کے بے مثال جذبہ حریت کو سلام پیش کرنے کیلئے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا۔
اس سلسلے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجدسراج میمن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پوری مسلم امہ کو یک زبان ہوکر آواز اٹھانا ہوگی، بھارت کشمیریوں کیخلاف تمام ریاستی وسائل کے استعمال و ظلم و جبر کے باوجود جدوجہد آزادی روکنے میں ناکام رہا ہے۔
وادی پر قابض حکومت کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیریوں کو حق خود اردایت دینا ہوگا۔ سیمینار میں شریک طلبا و طالبات نے کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے تقاریر اور تحریک آزادی کشمیر کی مناسبت سے نغمے بھی پیش کیے جنہیں شرکاء کی جانب سےخوب سراہا گیا۔
مزید پڑھیں:وفاقی اردو یونیورسٹی: ڈاکٹر محمد ضیاء الدین کا قائم مقام وائس چانسلر کا متنازع ترین دور اختتام پذیر
اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے تقریب کے اختتامی پیغام میں کہا کہ جے ایس ایم یو کے طلبا و طالبات کی جانب سے آج یہاں سے کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں جو آواز بلند کی گئی ہے اس کی گونج پورے پاکستان سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھی سنائی دے گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، 5 فروری کشمیریوں کیساتھ تجدید عہد محبت اور وفا کا دن ہے۔
اس سے قبل جے ایس ایم یو اسٹوڈنٹ کونسل کے چیئرپرسن پروفیسر کیفی اقبال کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے شب خون مارا گیا تھا، ہماری پوری دنیا سے درخواست ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت بحال کی جائے اور انہیں حق خود ارادیت دلوایا جائے۔

