اسلام آباد، 19جنوری 2023: ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی)، ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے ساتھ بھرتیوں کے ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت کے تحت ای ٹی سی الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مختلف شعبہ جات میں بھرتیوں کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ کا انعقاد کرے گا۔
اس ضمن میں ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمداور چیف الیکشن کمیشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر افتخار محمود بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں:ہلال ا حمر کے تاریخی میگا یوتھ ایونٹ میں 5 ہزار افراد کی شرکت
چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے میرٹ اور شفافیت کے ساتھ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ چیف الیکشن کمیشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز احمد نے چیئرمین ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ای ٹی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بھی اظہار خیال کیا۔
مفاہمت کی یادداشت کے ذریعے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے شعبہ جات میں بھرتیوں کے لیے معیاری ٹیسٹنگ کا انعقاد کرکے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

