ہائر ایجو کیشن کمیشن اسلام آباد نے وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کے طلباء وطالبات کو شہادۃ العالمیہ کی سند پر معادلہ (Equivalence)سرٹیفکیٹ کا اجراء شروع کردیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر (HEC) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن نمبر:8(16)A&A/2023/HEC/4482 کے ذریعہ وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کے ملحقہ ادارے جامعہ علمیہ ،اچھرہ لاہور کے طالب علم قیصر عباس ولد ولی محمد کو شہادۃ العالمیہ فی العلوم العربیہ و الاسلامیہ کی سند کا معادلہ (Equivalence) سرٹیفکیٹ برائے ایم اے عربی واسلامیات جاری کر دیاگیا۔صدر وفاق المدارس الرضویہ صاحبزادہ حسین رضا اور چیئر مین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے وفاقی وزارت ِتعلیم اور چیئر مین ہائر ایجو کیشن کمیشن کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر (HEC) نے اپنے نوٹیفیکیشن نمبر :8-16/HEC/A&A/2023/493کے تحت وفاق المدارس الرضویہ کے لیے دونوں ذرائع تعلیم برائے شہادۃ العالمیہ کو بھی منظور کر لیا ہے۔ اب وفاق المدارس کے تحت عامہ،خاصہ اور عالیہ کے بعد بھی شہادۃ العالمیہ کا امتحان ہو گا،اسی طرح میٹرک، ایف اے،اور بی اے/بی ایس کے بعد بھی طلباء و طالبات شہادۃ العالمیہ فی العلوم العربیہ والاسلامیہ کا امتحان دے سکیں گے۔

