وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ کے وفد کو یقین دلایا ہے کہ وہ یونیورسٹی کے مالی بحران کی وجوہات کا تعین کرنے کے لئے خصوصی آڈٹ کروائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے یونیورسٹی میں مالی بے ضابطگیوں سے آگاہ ہیں اور ان کے سد باب کے لئے فوری کارروائی کی جائے گی تاکہ تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگیاں بروقت ہوں۔
غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ سنگین یے۔ مالی بحران کی موجودگی میں نئے تقرریوں کی خبریں مل رہی ہیں۔ حقائق تک پہنچیں گے۔
انجمن اساتذہ، وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان عزیز، خازن ڈاکٹر شجاع الدین، پروفیسر محمد صدیق، اور ریٹائرڈ اساتذہ کی کمیٹی کے کنوینئر ڈاکٹر توصیف احمد خان اور دیگر اساتذہ نے وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ اردو یونیورسٹی کو خصوصی گرانٹ دی جائے۔
یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے اور سینیٹ میں اراکین کی تعداد مکمل کی جائے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے اس موقع پر یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے معاملات کو بہتر بنانے کے لئے فوری کارروائی کررہے ہیں۔

