معروف صوفی بزرگ اور روحانی شخصیت مولانا عبدالصمد ہالیجوی سکھر میں انتقال ہوگیا۔ آپ کافی عرصہ سے علیل تھے،آپ کی عمر اسی برس سے زائد تھی،سندھ کی معروف خانقاہ ہالیجوی کے مسند نشین اور جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے امیر بھی تھے۔
میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس العربیہ مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق قائدین وفاق المدارس العربیہ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا انوار الحق حقانی،مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا عبیداللہ خالد،مولانا سید سلیمان بنوری،مولانا سعید یوسف، مولانا امداداللہ یوسف زئی، مولانا حسین احمد،مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا صلاح الدین ایوبی،مولانا ناصر محمود سومرو،مولانا قاری عبد الرشید سمیت دیگر نے مولانا ہالیجوی مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
قائدین نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا عبدالصمد ہالیجوی ایک محقق عالم اور درویش صفت روحانی شخصیت تھے،برسوں سے صوبہ سندھ کی معروف خانقاہ ہالیجوی کے مسند نشین تھے،آپ ہزاروں علماء و عقیدت مندوں کے پیر و مرشد تھے، اصلاحی وتربیتی حوالہ سے آپ کی بڑی خدمات تھیں،جبکہ جمعیت علماء اسلام سندھ کے امیر اور کئی دینی تنظیموں کے سرپرست و روح رواں تھے،آپ کے اصلاحی سلسلہ سے بہت بڑی تعداد منسلک تھی،آپ کی رحلت سے دینی واصلاحی حلقوں میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے،ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔قائدین وفاق المدارس نے غم کی اس گھڑی میں اہل خانہ سے مسنون تعزیت کا اظہار کیا اور دیگر اعزہ و اقارب، متوسلین و متعلقین سے بھی اظہار افسوس کیا۔
اس موقع پر قائدین وفاق المدارس نے مدارس و جامعات اور احباب سے مولانا ہالیجوی مرحوم کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل بھی کی۔میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس کے مطابق مولانا عبدالصمد ہالیجوی کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب سات بجے درگاہ ہالیجوی شریف پنو عاقل میں ادا کی جائے گی۔

