کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کو قائد اعظم یونیورسٹی کی طرز پر مالی امداد دی جائے ، ڈاکٹر عبدالماجد اور افتخار احمد طاہری نے وزیرِ تعلیم سے وعدوں کی تکمیل اور اردو کے فروغ کے لیے اپیل کر دی ہے ۔
کراچی : انجمنِ اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے جنرل سیکریٹری عبدالحق کیمپس ڈاکٹر عبدالماجد اور جنرل سیکریٹری گلشنِ اقبال کیمپس افتخار احمد طاہری نے کہا ہے کہ وزارتِ تعلیم کو چاہیے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کو وہی مالیاتی پیکج فراہم کرے جو قائداعظم یونیورسٹی کو دیا گیا ہے، تاکہ ادارے کو درپیش شدید مالی بحران پر قابو پایا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے ملازمین گزشتہ چودہ ماہ سے ہاؤسنگ الاؤنس اور تین سے چار ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث عملے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ دونوں جنرل سیکریٹریز نے وفاقی وزیرِ تعلیم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے لیے خصوصی بیل آؤٹ پیکج جاری کریں تاکہ ملازمین کو ان کے جائز واجبات اور تنخواہیں ادا کی جا سکیں۔
ڈاکٹر عبدالماجد اور افتخار احمد طاہری نے کہا کہ چونکہ وفاقی وزیرِ تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ اردو زبان کے فروغ کے علم بردار ہیں، اس لیے امید کی جاتی ہے کہ وہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے مالی بحران کے حل کے لیے خصوصی دلچسپی لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ تعلیم نے یونیورسٹی کے کانووکیشن میں جو وعدے کیے تھے، ان کی تکمیل سے نہ صرف بابائے اردو کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا بلکہ یہ مادرِ علمی اپنی اصل روح کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گی۔
دونوں جنرل سیکریٹریز نے صدرِ مملکت، جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے لیے بیل آؤٹ پیکج کے اجراء میں اپنا کردار اداء کریں ۔

