اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے طالب علم کا ٹرانسکرپٹ اور ڈگری روکنے پر اظہار برہمی
صدر مملکت کی وفاقی اردو یونیورسٹی کو 15 دن کے اندر طالب علم کو ڈگری جاری کرنے کی ہدایت کر دی ۔ طالب علم کو وفاقی اردو یونیورسٹی اور پاکستان بیت المال کے درمیان ضابطے کی کاروائی میں تاخیر کی وجہ سے نہیں دی جا رہی تھی ۔
صدر مملکت نے کہا کہ لیٹ فیس کی ادائیگی کے معاملے کو حل کرنے کے بجائے، یونیورسٹی نے غیر منصفانہ طور پر طالب علم کی ڈگری اور ٹرانسکرپٹ روکا ہے ۔ پاکستان بیت المال کی جانب سے فیس براہ راست یونیورسٹی کو ادا کی جاتی تھی ، ادائیگی میں طالب علم کا کوئی عمل دخل نہیں تھا ۔
صدر عارف علوی نے پاکستان بیت المال کو متاثرہ طالب علم کی شکایات کا ازالہ کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے ۔صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف پاکستان بیت المال کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔
یونیورسٹی کو اچھی طرح معلوم تھا کہ طالب علم احساس اسکالر شپ پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کر رہا تھا ۔طالب علم عباد الرحمان (شکایت کنندہ) نے بی بی اے کی ڈگری اور ٹرانسکرپٹ کے اجراء کے لیے وفاقی محتسب کو اپیل کی تھی ۔
یونیورسٹی نے 122,500 روپے کے بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ڈگری روکی تھی ۔وفاقی محتسب نے طالب علم کے حق میں فیصلہ صادر کیا اور بیت المال کو معاملہ حل کرنے کا حکم دیا تھا ۔
بیت المال نے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو درخواست دائر کی ، جسے مسترد کر دیا گیا ۔