کراچی : جامعہ بحالی تحریک کے سلسلے میں اہم پریس کانفرنس جمعرات کو ہو گی ، اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے علاوہ اساتذہ کو مدعو کیا گیا ہے ۔ پریس کانفرنس اسٹاف کلب جامعہ کراچی میں 5 جنوری دوپہر 1 بجے ہو گی ۔
جامعہ کراچی بحالی تحریک کی پریس کانفرنس کا عنوان ’’مادر علمی جامعہ کراچی کو معاشی بدحالی اور بدانتظامی سے کیسے نکالا جا سکتا ہے ‘‘ رکھا گیا ہے ۔
پریس کانفرنس میں جامعہ کراچی کی تینوں منتخب ایسوسی ایشنز جن میں کراچی یونیورسٹی ٹیچر سوسائٹی ، کراچی یونیورسٹی آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن ، کراچی یونیورسٹی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور تمام گروپس جن میں مشترکہ گروپس کمیٹی ، انصاف پسند گروپ ، ٹیچر فورم اور یونائیٹیڈ آفیسرز گروپ کے علاوہ ریٹائرڈ اساتذہ کرام میں پروفیسر سہیل برکاتی اور پروفیسر پرویز اختر صدیقی بھی خطاب کریں گے ۔
اس پریس کانفرنس میں جامعہ کراچی میں حالیہ بد انتظامی ، مالی بحران کے حقائق اور مستقبل کا مجوزہ لائحہ عمل پیش کیا جائے ۔ پریس کانفرنس کا ایک مقصد مشکلات میں گھری مادر علمی کی آواز کو ارباب اختیار تک پہنچانا اور ان کی توجہ مبذول کرانا ہے ۔