اسلام آباد : وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے پنجاب، اسلام آباد اور ملک کے دیگر علاقوں سے کوائف طلبی کے نام پر اہل مدارس کو ہراساں کرنے کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب سمیت متعلقہ ذمہ داران سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ،طے شدہ معاہدوں سے انحراف افسوس ناک ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا انوار الحق سینئر نائب صدر وفاق اور مولانا محمد حنیف جالندھری جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے کوائف طلبی کے نام پر اہل مدارس کو ہراساں کرنے کو افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیا انہوں نے کہا کہ مسلسل اطلاعات و شکایات آ رہی ہیں کہ مدارس کے منتظمین سے مختلف فارم پر کروائے جا رہے ہیں اور غیر متعلقہ سوالات کیے جا رہے ہیں۔
وفاق المدارس کے قائدین نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے مطالبہ کیا کہ وہ صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور اس سلسلے کو فی الفور بند کریں ۔
مذید پڑھیں : جامعہ کراچی: ایوننگ پروگرام میں داخلوں کیلئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
قائدن وفاق المدارس نے کہا کہ دینی مدارس کے کوائف نئے تعلیمی سال کے آغاز میں صرف ایک ادارے کو دینے کا معاہدہ ہوا ہے۔ طے شدہ معاہدوں سے انحراف کرتے ہوئے آئے روز کوائف طلبی اور مختلف قسم کی مہم جوئی افسوس ناک ہے ۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں نے زور دے کر کہا کہ اہل مدارس کے ساتھ امتیازی رویوں کی روک تھام وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔