کراچی : کراچی میں تعینات انڈونیشیاء کے قونصل جنرل Dr June Kuncoro Hadiningratنے کہا ہے کہ دنیا میں معاشی بحران کے باوجود پاکستان میں کتب کی قیمتیں انتہائی کم ہے۔ نمائش میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی غمازی ہے کہ یہاں کے لوگ کتب سے لگاؤ رکھتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ عالمی کتب میلے کا پہلی بار دورہ کررہاہوں یہاں مقامی اور غیر ملکی پبلشرز کی کتابیں معیاری اور سستی قیمت میں دستیاب ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بہت محنتی اور خوش اخلاق ہیں۔ پاکستان میں رہتے ہوئے ہمیں یہاں اجنبیت کا احساس نہیں ہوتا، اہلیہ اور بچوں کے ساتھ درسی و تاریخی کتب لینے آیا ہوں۔ بعدا زاں انہوں نے اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور اسلامی کتب میں بھی بڑی گہری دلچسپی لی۔ گذشتہ روز ایک لاکھ سے زائد افراد نے کتب میلے کا رخ کیا۔
صبح سے ہی طلبہ و اساتذہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد ایکسپو سینٹر کھلنے سے قبل کتب میلے کے ہال کے باہر موجود تھی۔ تعلیمی ادارے کتب میلے طلبہ و طالبات کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدگی کا مظاہر کر رہے ہیں اور کراچی سمیت سندھ بھر کے اسکولوں کے طلبہ خصوصی بسوں کے ذریعہ میلے میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
کتب بینی کے شوقین افراد کے لیے پبلشرز کی جانب سے کتب کی خریدی پر 60 سے 70 فیصد تک رعایتی سیل لگادی گئی ہے۔ پانچ روزہ عالمی کتب میلہ بروز پیر 12 دسمبر 2022ء تک ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گا۔