کراچی : ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکول نے سکول مالکان اور پرنسلز کے نام خط لکھ کر سکولوں میں لمکا ‛ سوڈا ڈرنک فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ کی ایڈیشنل ڈائریکٹر برائے رجسٹریشن رفیعہ ملاح کی جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق نجی سکولوں کو تنبیہ جاری کی گئی ہے کہ وہ سکول کے احاطے میں سافٹ ڈرنکس کی فروخت پر پابندی کو یقینی بنائیں ۔
سکول انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ جیسا کہ آپ بخوبی جانتے ہیں کہ گزشتہ دنوں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا کہ جس میں ایک نجی اسکول کے پانچویں جماعت کے طالب علم کی موت واقع ہو گئی تھی جو سکول میں سافٹ ڈرنک کی بوتل کھول رہے تھے جو اس دوران پھٹ گئی تھی جس کی وجہ سے شیشہ ان کے گلے میں لگ گیا تھا ۔
سکول نے LIMCA ڈرنک سے بھری بوتل کے اسٹال اسکول میں لگائے تھے ۔ لہذا نجی اسکولوں کے پرنسپل/منتظمین اس بات کو یقینی بنائیں کہ سکولوں کے احاطے میں کسی بھی LIMCA/SODA ڈرنک فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
سکولوں کے باہر اسی طرح شیشے کی بوتلوں میں موجود سافٹ ڈرنک/مشروبات کو نہیں ہونا چاہیے۔اور نہ ہی اسکول میں رکھا یا فروخت کیا جا سکتا ہے، لیکن سافٹ ڈرنکس جو پلاسٹک کی بوتلوں یا ڈبوں میں ہوتے ہیں فروخت کیے جا سکتے ہیں۔
سکولوں میں بچوں کی حفاظت کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ اس طرح کی تکلیف دہ صورت حال مستقبل میں نہ ہو ۔

