ہفتہ, نومبر 16, 2024
صفحہ اولتازہ ترینکراچی: انٹر بورڈ کے زیر اہتمام مختلف مقابلہ جات اور سرگرمیوں کا...

کراچی: انٹر بورڈ کے زیر اہتمام مختلف مقابلہ جات اور سرگرمیوں کا انعقاد

 

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام BIEK Talent Hunt for Team Go Green کے سلسلے میں چیئرمین بورڈ پروفیسرڈاکٹر سعید الدین صاحب کی زیرسرپرستی مختلف مقابلہ جات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

 

اس ضمن میں IQ & Brilliance Test طلبہ و طالبات کیلئے ایک بہت مفید اور تعمیری پروگرام تھا۔ دی ارتھ ہاؤس کے اشتراک سے کراچی کے 48 نجی و سرکاری کالجوں میں کوالیفائنگ راؤنڈز کا انعقاد کیا گیا۔

 

اس آئی کیو ٹیسٹ کو کالج کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔ زیادہ تر اساتذہ نے طالب علموں کی ذہنی نشوونما کیلئے اس ٹیسٹ کو ایک بہت مفید اور مثبت فیصلہ قرار دیااور چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی جانب سے پاکستان کی تاریخ میں کالج کے طالب علموں کیلئے پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر آئی کیو ٹیسٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ سلسلہ مستقل جاری رہے گا۔

 

اس موقع پر بعض طلبہ و طالبات نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس آئی کیو ٹیسٹ میں جس طرح کے سوالات پوچھے گئے اس سے ہمیں اندازہ ہوا کہ کسی سوال کا جواب ڈھونڈنے کیلئے ہمارا ذہن کس طرح کام کرتا ہے۔ ہمارے لیے اس آئی کیو ٹیسٹ میں شرکت ایک منفرد تجربہ تھا، آئندہ جب بھی ہمیں اس طرح کے ٹیسٹ میں شرکت کا موقع ملا تو ہماری کارکردگی کا معیار مزید بہتر ہوگا۔

 

ابتدائی مرحلہ میں 93کالجز کے تقریباً چار ہزار طلبہ و طالبات نے آئی کیو ٹیسٹ میں شرکت کی جبکہ مختلف وجوہات کی بناء پر ہزاروں طلبہ و طالبات خواہش کے باوجود آئی کیو ٹیسٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شریک نہیں ہوسکے۔ 22مارچ کو IQ & Brilliance Test کے فائنل راؤنڈ کا انعقاد گورنمنٹ کالج فار مین ناظم آباد کے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔

 

پرنسپل گورنمنٹ کالج فار مین ناظم آباد پروفیسر محمد رضوان صاحب نے چیف ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن ظفریار خان، سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن وسیم خان اور دیگر اساتذہ کی معاونت سے اس فائنل راؤنڈ کے انعقاد کے لئے بہترین انتظامات کیے۔

 

ٹیم گوگرین اور ارتھ ہاؤس کی ٹیم نے ڈائریکٹر پروگرام پروفیسر یوسف رحمانی کی نگرانی میں اس فائنل راؤنڈ کیلئے ٹیسٹ کا انعقاد کیا جس میں 400سے زائد اہل طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

 

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی انسپکٹر آف کالجز زرینہ راشدٹیسٹ کے دوران موجود رہیں، اس موقع پرآپ نے ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات کو چیئرمین بورڈ کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور ان کی بہترین کارکردگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ٹیم گو گرین کے تھنک ٹینک کی ممبر پروفیسر ثمینہ شاہد اور آئی کیو ٹیسٹ کے ایڈیٹر پروفیسر اقبال خان بھی طلبہ کی رہنمائی اور معاونت کیلئے مسلسل مصروف رہے۔

 

اس فائنل راؤنڈ کے بعد دس بہترین طلبہ و طالبات کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں انعامات و اعزازات کے ساتھ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے IQ Model for Colleges Session 2022-23 کے ٹائٹل سے بھی نوازا جائے گا۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین