کراچی : الشیخ سعد النعمانی اکیڈمی کے تحت تراویح کی اختتامی تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی شرکت، اختتامی دو روزہ تراویح میں شیخ سعد نعمانی مدینہ منورہ سے پاکستان آکر شریک ہوئے ۔ شادی ہال میں منعقدہ نماز تراویح میں ہزاروں شہری شریک رہے ۔
تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں الشیخ سعد النعمانی اکیڈمی کے تحت جاری 29 روزہ تراویح کا کل رات 29ویں شب کو دعا کے ساتھ اختتام ہوا ۔ اس تراویح کا آغاز شیخ سعد نعمانی اکیڈمی کے گلشن اقبال کیمپس میں ہوا تھا جس میں اکیڈمی کے اساتذہ اور طلباء ملکر تراویح پڑھا رہے تھے ۔
شیخ سعد نعمانی اکیڈمی اپنی نوعیت کا ایک منفرد ادارہ ہے جس کی بنیاد حرمین شریفین کے قرآن کی تلاوت کے طرز تعلیم سے متأثر ہوکر رکھی گئی ہے ،اور جس کا مقصد معاشرہ میں قرآن کریم کی تلاوت کو اس کی خوبصورتی ، لب و لہجہ اور انداز کی وجہ سے لوگوں کے دلوں پر اثر کرنے والا بنانا ہے۔اور زندگی کے ہر قسم کے طبقہ سے تعلق رکھنے والے ہر مسلمان کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنی تلاوت کو خوبصورت اور پُر اثر بنا سکیں اور اس طرح قرآن پڑھیں کہ جس طرح اللہ اور اس کے رسول چاہتے ہیں کہ قرآن پڑھا جائے۔
اکیڈمی کا ایک اہم مقصد مسجدوں کے ائمہ اور مؤذن حضرات کی تلاوت اور اذانوں کو ایسا خوبصورت اور عمدہ بنانا ہے جو کہ لوگوں کو دلوں پر اثر کرے اور ان کو مسجد کی طرف کھینچے اور قرآن کی محبت اور اس کی خوبصورت اور پُر اثر تلاوت پوری دینا میں پھیل جائے ،۔
چنانچہ اسی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اور اس پیغام کو مختلف طبقات زندگی کے لوگوں خاص کر کراچی کے شہریوں تک پہنچانے کے لیئے اسی تراویح کو 21 ویں شب سے سگنیچر مارکی، اسٹیڈیم روڈ منتقل کیا گیا تاکہ عوام کی ایک بڑی تعداد قرآن کریم کی اچھی تلاوت سن سکے اور اکیڈمی کے وژن کو جان سکے اور اس کے ساتھ شامل ہو سکے ۔
اس تراویح کو حرمین شریفین کے طرز پر منقعد کیا گیا جس میں اکیڈمی کے تقریبا دس اساتذہ اور طلبا ء نے مل کر تراویح پڑھائیں ، جس میں انہوں مختلف انداز میں تراویح میں تلاوت کر کے سامعین کے دلوں کو قرآن سے منو ر کیا ۔ بہترین ساؤنڈ سسٹم ، ایئر کنڈیشن ماحول اور نمازیوں کے لیئے دیگر سہولیات کا انتظام نے اس ماحول کو چار چاند لگا دیئے ۔
عوام الناس کی شدید خواہش پر آخری دو دنوں میں اکیڈمی کے بانی قاری شیخ سعد النعمانی صاحب مدینہ منورہ سے تشریف لائے اور 28ویں اور 29 ویں شب کو تراویح میں اپنی عمدہ تلاوت سے حاضرین کی سماعتوں کو منور کیا اور 29ویں شب کو بالآخر اس بابرکت سلسلہ کا دُعا کے ساتھ اختتام ہوا ۔
اس سلسلہ میں ختم القرآن کی تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے تقریبا چار ہزار مرد و خواتین نے شرکت کی۔گورنر سندھ جناب کامران خان ٹیسوری اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، جس میں انہوں نے شرکا ء سے خطاب کیا اور اکیڈمی کے وژن کے ساتھ اتفاق کیا اور حاضرین سے وعدہ کیا کہ وہ سندھ تعلیمی نظام میں قرآن کریم کی تعلیم کو لازمی قرار دلوانے کے لیئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔
اس بابرکت تراویح میں وقتا فوقتا شامل ہونے والے تمام شرکاء نے اکیڈمی کے اس اقدام کو سراہا اور اس کو لوگوں کے دلوں میں قرآن کی محبت بڑھانے کا ذریعہ قرار دیا اور آئندہ نہ صرف شہر کراچی بلکہ پورے ملک میں اس طرح کی اچھی اور عمدہ تلاوت والی تراویح منعقد کروانے پر زور دیا ۔