جمعہ, اکتوبر 18, 2024
صفحہ اولتازہ ترینمیٹرک بورڈ کے تحت امتحانات کا کل سے آغاز

میٹرک بورڈ کے تحت امتحانات کا کل سے آغاز

کراچی …… ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت سالانہ امتحانات پیر 8مئی سے شروع ہو رہے ہیں۔

 

شیڈول کے مطابق صبح کی شفٹ میں نہم جماعت کمپیوٹر (نظری) سائنس گروپ اور دوپہر کی شفٹ میں دہم جماعت جنرل سائنس کے امتحانات لئے جائیں گے۔

 

چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے بتایا کہ رواں سال نہم و دہم جماعت کیلئے مجموعی طور پر 3لاکھ 93ہزار264طلباء و طالبات سائنس و جنرل گروپ کے امتحانات دیں گے جبکہ اس سال امتحانی مراکز 524 بنائے گئے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کو وسیع اور کشادہ بنانے کے حوالے سے میں نے ناظم امتحانات کو خصوصی ہدایت دی تھیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اس سال نہم جماعت کے سائنس گروپ کے امتحانات میں ایک لاکھ65ہزار 241 جبکہ دہم جماعت میں ایک لاکھ 90ہزار 690امیدوار شریک ہو رہے ہیں جس میں لڑکیوں کیلئے 245اور لڑکوں کیلئے279امتحانی مراکز شامل ہیں، اسی طرح جنرل گروپ کے امتحانات میں 37ہزار 333 امیدوار شریک ہوں گے۔

 

سید شرف علی شاہ نے بتایا کہ اس سال بورڈ آفس سے آن لائن ایڈمٹ کارڈ جاری کئے گئے ہیں جبکہ طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ڈیٹ شیٹ اور امتحانی مراکز بورڈ آفس کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے گئے جبکہ پرائیویٹ طلباء کے ایڈمٹ کارڈ ان کے رہائشی پتوں پر بھی ارسال کر دیئے گئے تھے۔

 

امتحانات کی نگرانی کیلئے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل کے ساتھ ساتھ خصوصی ویجیلینس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جن کے ٹیلیفون نمبر 99260251 -99260266-99260252 جو کہ امتحانی مراکز کا دورہ کر کے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس بورڈ آفس میں جمع کرائیں گی۔

 

چیئرمین بورڈ کی درخواست پر ضلعی انتظامیہ نے تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہو گی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔

 

امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لئے ایک موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے اور یہ پرچے بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر پہنچائیں گے جہاں سے سینٹر کنٹرول افسران امتحانی پرچے متعلقہ سینٹر پر پہنچائیں گے جبکہ یہ تمام افسران پرچے کے دوران سینٹر ہی میں موجود رہیں گے اور پرچہ ختم ہونے کے بعد اپنی نگرانی میں طلبہ کی جانب سے پُر کئے گئے جوابی پرچے سرمہر کرکے بورڈ آفس میں پہنچائیں گے۔

 

چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کیلئے اجتماعی کاوش کر رہی ہے۔

 

انہوں نے طلبہ کو متنبہ کیا کہ امتحانات کے دوران موبائل فون ہر گز اپنے ہمراہ نہ لائیں خلاف ورزی کی صورت میں موبائل فون ضبط کر لیا جائے گا۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین