کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سندھ بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے 2008ء میں آخری موقع ختم ہونے والے انٹر کے امیدواروں کو امتحانات میں شرکت کیلئے مزید مواقع دینے کے فیصلے کی روشنی میں تمام گروپس سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل، کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے ایسے امیدواروں کو خصوصی فیس کے ساتھ سالانہ امتحانات برائے 2023ء میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایسے تمام امیدوار اپنے امتحانی فارم 6 ہزار روپے امتحانی فیس کے ساتھ 17 گریڈ کے گورنمنٹ گزیٹڈ افسر سے ضروری تصدیق کے بعد بروز منگل 16 مئی سے بروز بدھ 17 مئی 2023ء تک بورڈ آفس کی لائبریری میں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کے بوتھ میں جمع کروا سکتے ہیں ۔
طلبہ انٹربورڈ کراچی کی دی گئی سہولت سے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے امتحانی فارم کی فیس یو بی ایل کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں جمع کروا سکتے ، طلباء جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کی انکوائری میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس ضبط کر لی جائے گی۔
طلباء امتحانی فارم، اسپیشل چانس کا پروفارما اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek@edu.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ انٹر بورڈ نے ایسے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے امتحانی فارمز کے ساتھ پروفارما آف آئی ٹی سیکشن، انٹرمیڈیٹ کی اوریجنل مارکس شیٹ، جس سال آخری موقع ختم ہوا اس کے ایڈمٹ کارڈ کی فوٹو کاپی، انرولمنٹ / رجسٹریشن کارڈ کی فوٹو کاپی، میٹرک کے سرٹیفکیٹ اور مارکس شیٹ کی فوٹو کاپی لگانا ضروری ہے۔