کراچی : صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار شاہ نے آج محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ایچ آر اینڈ ٹریننگ کراچی کا اچانک دورہ کر کے اساتذہ بھرتی معاملات کے متعلق جوائننگ ڈیٹا بیس اور مختلف شکایات کے حل کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر سردار شاہ نے لیپ ٹاپ پر اساتذہ کے ڈیش بورڈ کا خود جائزہ لیا اور نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی جوائننگ ڈیٹا کے اندراج کے حوالے سے مختلف شکایات کو فوری حل کرنے کے احکامات دیے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم کو آگاہی دی گئی کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں اب تک بھرتی کے مرحلے کے دوران 57852 خالی اسامیوں میں سے 52678 اسامیوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو آفر آرڈر جاری کئے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں : جناح یونیورسٹی میں مصنوعی اعضاء لگانے کا پہلا کامیاب کیس مکمل
صوبائی وزیر تعلیم نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی تنخواہوں کے معاملات کو بھی جلد از جلد حل کرنے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ڈیٹا بیس کو وقت پر مکمل کرتے رہیں تا کہ اساتذہ کو کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر وزیر تعلیم سندھ نے 2012 کے زیر التواء کیسز کو سپریم کورٹ اور سندھ کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں جلد نمٹانے کا کہا جبکہ اس ضمن میں میرپورخاص ڈویژن کے 2012 کے کیسز کی اسکروٹنی جلد کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
دورہ کے دوران صوبائی وزیر تعلیم سندھ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ایچ آر اینڈ ٹریننگ کے مختلف سیکشنز کا معائنہ بھی کیا۔