گیارہویں و بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات سال برائے 2023 کے پہلے روز انگلش کا پرچہ گیارہویں جماعت (سائنس /آرٹس /کامرس گروپس ) کا صبح کے اوقات میں اور بارہویں جماعت (سائنس /آرٹس /کامرس گروپس ) کا دوپہر کے اوقات میں لیا گیا.
ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے چیئر مین پروفیسر برکت علی حیدری اے دستی کی خصوصی ہدایات پر ویجیلینس ٹیموں نے امتحانی مراکز کے دورے کیے ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادو راجپوت اور ویجیلینس ٹیموں میں ریجنل ڈائیریکٹر کالجز اور تینوں اضلاع کے ڈائیریکٹرایجوکیشن کی ٹیموں نے اپنے اضلاع میں دورے کئے۔
ایچ ایس سی امتحانات کے پہلے روز ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادو راجپوت کا نقل کی روک تھام کے لیے انتہائی سخت انتظامات رہے اور شام کے اوقات میں لیئے جانے والے انگلش کے پرچہ میں گورنمنٹ کمپری ہنسو (بوائز ) ہائر سیکنڈری اسکول میرپورخاص کے انٹرنل سپرینٹینڈینٹ نے اپنے امتحانی مرکز پر تین (03) جعلی اُمید وار جو کہ اصل اُمیدوار کی جگہ پر امتحان دے رہے تھے کو موقع پر پکڑ کر ان کے کیسز رپورٹ کیئے جبکہ کمشنر میرپورخاص نے تینوں اضلاع میں دوران امتحانات دفعہ 144 نافذ کردی اور تمام فوٹو کاپی کی دوکانوں پر مکمل پابندی لگادی اور اس کے ساتھ امتحانی مراکز کے باہر گھومنے والے افراد پر سخت پابندی عائد کردی۔
ان ہی انتظامات کے تحت ایس ایچ او ڈگری کا گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کے سامنے اور شہر بھر میں دفعہ 144 پر عمل درآمد کرواتے ہوئے تمام فوٹو اسٹیٹ کی مشینوں پر چھاپہ مارکر انہیں بند کروادیا گیا اور بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کے گیٹ کے ایریا کا وزٹ کیا اور دوران تلاشی ایک لڑکے کی جیب سے تین موبائل برآمد کیئے۔
علاوہ ازیں میرپورخاص ، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کی جانب سے بنائی گئی ٹیموں نے مذکورہ اضلاع کے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کیے اس کے ساتھ ہی واپڈا حکام کو بھی آگاہ کیا ہے کہ گرمی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے امتحانات کے دوران لوڈ شیڈنگ کے دورانیئے کو تبدیل کیا جائے۔

