کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی ،عبدالحق کیمپس میں پختون کونسل اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے طالب علموں کے درمیان تصادم ہوا ہے ۔ متعدد طلبہ زخمی ہو گئے ہیں ، پولیس اور رینجرز کی مداخلت سے جھگڑے پر قابو پایا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پختون کونسل اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سرگرم طلبہ کے درمیان کینٹیں میں جھگڑا شروع ہوا اور جلد ہی کیمپس میں پھیل گیا۔ دونوں گروپوں کے طلبہ نے ایک دوسرے پر کلاس رومز میں گھس کر تشدد کیا۔
طلبہ تنظیموں کی اس لڑائی میں شعبہ اردو کے اعانتی استاد عباس حیدر اور شعبہ سیاسیات کی پروفیسر رانی ارم جھگڑے میں زخمی ہوئے ہیں ۔انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان عزیز نے کیمپس می طلبہ کے درمیان جھگڑے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپس میں بیرونی عناصر ملوث ہیں جو یونیورسٹی میں عدم استحکام پیدا کر کے اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو سکیورٹی کے معاملات کو بہتر بنائے۔ کیمپس انتظامیہ اساتذہ و طلبہ کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں فوری نوعیت کے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔
واضح رہے کہ عبدالحق کیمپس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین گذشتہ 9 ماہ سے دفتر نہیں آئے جس کی وجہ سے دفتری معاملات تعطل کا شکار ہیں۔