گومل یونیورسٹی کیلئے ایک اور خوشخبری، وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ اور ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر برکت علی کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ پاکستان فارمیسی کونسل کی جانب سے گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف فارمیسی میں داخلوں کیلئے طلباء کی 60سیٹیں بڑھا دی گئی۔
گومل یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی سربراہی میں گومل یونیورسٹی میں خوشحالی اور ترقی کا دور شروع ہے اور آج پھر وائس چانسلر اور ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر برکت علی کی شب و روز محنت کے بعد پاکستان فارمیسی کونسل کے قائمقام سیکرٹری ‘ڈاکٹر تنویر احمد صدیقی کی جانب سے مورخہ 15جون 2023ء کوجاری ہونیوالے نوٹیفیکیشن نمبر2-3/2001-PCP(F.No1-21/2023)کے مطابق گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف فارمیسی میں طلباء کے داخلے کیلئے 60سیٹیں (مارننگ پروگرام میں 30سیٹیں اورایوننگ پروگرام میں 30سیٹیں )بڑھانے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے ۔
جس کے بعد اب گومل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف فارمیسی میں 200طلباء (مارننگ پروگرام میں 100سیٹیں اورایوننگ پروگرام میں100سیٹیں )داخلہ لے سکیں گے۔
اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے گومل یونیورسٹی کے تمام اساتذہ، افسران’ ملازمین اور طلباء کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے کہ آج ایک بار پھر گومل یونیورسٹی فیکلٹی آف فارمیسی میں طلباء کی تعداد بڑھ گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فیکلٹی آف فارمیسی میں 60سیٹیں بڑھنے سے ایک طرف جہاں طلباء کی بڑی تعداد زیور تعلیم سے مستفید ہو گئی وہاں دوسری جانب گومل یونیورسٹی کی مالی حالت بھی بہتر ہو گی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کامیابی میں ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر برکت علی اور ان کی ٹیم کو کردار قابل تحسین ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوںاور امید کرتا ہوں کہ گومل یونیورسٹی کی ترقی و خوشحالی کے تمام اساتذہ، افسران اور ملازمین اس طرح دن رات کام کرتے رہیں گے۔

