جامعہ کراچی میں شعور فاؤنڈیشن کے پی اے سی ٹی (PACT)پروجیکٹ کے تحت اور ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی ڈاکٹر حسان اوج کے زیرنگرانی جامعہ کراچی میں زیر تعلیم مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ طلباوطالبات کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد گزشتہ روز کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کے کونسل روم میں کیا گیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ طلباوطالبات جن میں اسلامی جمعیت طلبہ،آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن،بلوچستان اسٹوڈنٹس فیڈریشن،پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور اے ٹی آئی کے نمائندے شامل ہیں نے شرکت کی اس کے علاوہ جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزرڈاکٹر معیز خان نے تربیتی ورکشاپ سے خطاب میں سیاسی جماعتوں سے وابستہ طلبہ کے مابین ہونے والے تصادم اور اس کے سد باب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسائل باہمی افہام وتفہیم سے حل ہوتے ہیں جبکہ تصادم سے مسائل پیچیدہ اور مشکلات کا پیش خیمہ ثابت ہوتے ہیں۔
اس موقع پر ممبر سنڈیکیٹ جامعہ کراچی ڈاکٹر حسان اوج نے کہا کہ لسانیت اور مذہبی منافرت کے بیج بچپن ہی میں بودیئے جاتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرلیتاہے۔والدین کو چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کے اذہان میں لسانیت اور مذہبی منافرت کوفروغ دینے کے بجائے مذہبی ہم آہنگی،بھائی چارے اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیں تاکہ ایک پرامن اور فلاحی معاشرے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیاجاسکے۔
ڈاکٹر صدف مصطفی نے کہا کہ جن قوموں نے اپنے اساتذہ کی تکریم کی ہے اور کررہے ہیں وہ دنیا میں ایک نمایاں مقام بناچکے ہیں۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی تکریم کو یقینی بناؤ اسی صورت سماجی اور معاشی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیاجاسکتاہے۔
ورکشاپ کے اختتام پر ڈاکٹرحسان اوج نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم کے تعاون پر ان کا شکریہ اداکیا اور امید ظاہر کی کے تعاون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔