جمعہ, ستمبر 13, 2024
صفحہ اولتازہ ترینپاکستان شریعت کونسل کا جمعہ کو یوم تقدیس قرآن کریم منانے کا...

پاکستان شریعت کونسل کا جمعہ کو یوم تقدیس قرآن کریم منانے کا اعلان

پاکستان شریعت کونسل نے وزیراعظم کی طرف سے جمعہ کو یوم تقدیس قرآن کریم منانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

کونسل کے امیر مولانا مفتی محمد رویس خان ایوبی، جنرل سیکرٹری مولانا زاہد الراشدی، نائب امیر مولانا عبدالقیوم حقانی،مولانا تنویر الحق تھانوی، مولاناعبدالرزاق،مولانارشیداحمد درخواستی،مولانا عبدالرؤف محمدی،مولانا رمضان علوی، مولانا قاری اللہ داد، مفتی محمد نعمان،مولانا ثناءاللہ غالب، مولانا عبدالحفیظ محمدی،پروفیسر حافظ محمد منیر اور دیگر نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ نے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے،اس قبیح عمل کا بھرپور اور منظم رد عمل آنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے اور سویڈن واقعہ پر قومی لائحہ عمل اختیار کرنے کا اعلان بروقت اور خوش آئند ہے جس کی ہم بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں نے ملک بھر میں موجود دینی کارکنوں بالخصوص کونسل کے اراکین کو جمعہ کے دن احتجاجی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی اور کہا کہ اس موقع پر پوری قوم کی طرف سے قرآن دشمنوں کو بھرپور پیغام جانا ضروری ہے ،امت مسلمہ کے جذبات سے کھیلنے والے ایسے واقعات کے ذریعے دنیا کا امن تہہ و بالا کر کے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ہر طرح کی تفریق اور اختلافات سے بالاتر ہو کر قرآن کریم سے اپنی محبت کا اظہار کریں اور دشمن کو یہ پیغام دیں کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے مسلمانوں کے دلوں میں اللہ کی کتاب کے احترام کو کسی طور پر بھی کم نہیں کر سکتے، مسلمانوں کا اس لاریب کتاب کے ساتھ لازوال رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا ان شاء اللہ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین