وفاقی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، اسلام آباداور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے درمیان منگل (پہلی اگست) کو ایک تقریب میں مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوں گے۔
یہ تقریب آئی سی سی بی ایس،جامعہ کراچی میں ہوگی جس سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق خصوصی خطاب کریں گے۔ اس مفاہمت کی یاد داشت کے تحت آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ہیلتھ انکیوبیٹر اور سائینس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق متعلقہ تقریب منگل کو پروفیسر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں صبح9بجکر45 منٹ پر منعقد ہوگی جس سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے علاوہ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری، وفاقی وزارت کے رکن جنید امام، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے سربراہ علی رضا، اگنائٹ کے سربراہ عاصم شہریار حسین، حسین ابراہیم جمال فاونڈیشن کے سربراہ عزیز لطیف جمال، اور ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ نادرہ پنجوانی بھی خطاب کریں گی۔