ہفتہ, ستمبر 14, 2024
صفحہ اولتازہ تریناردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کا پنشن کی عدم ادائیگی پر...

اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کا پنشن کی عدم ادائیگی پر احتجاج

وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ ملازمین نے اپنی پنشن اور بعد از ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی کے مطالبات کے لیے اردو یونیورسٹی کے گلشن اقبال کیمپس میں وائس چانسلر آفس میں احتجاج ریکارڈ کروایا۔ انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس نے ریٹائرڈ ملازمین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اس احتجاج میں شرکت کی۔

احتجاج کرنے والے اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کے احتجاجی بینر پر پنشن اور واجبات کی ادائیگی اور پنشن فنڈ میں غبن کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر تعلیم سے مطالبات درج تھے۔ اس سے قبل ریٹائرڈ اساتذہ اور دیگر ملازمین کاخصوصی اجلاس شعبہ کیمیاء گلشن اقبال کیمپس میں منعقد ہوا۔ یہ اس سلسلہ کا دوسرا اجلاس تھا۔

اس سے قبل ایک اجلاس عبدالحق کیمپس میں بھی منعقد ہوچکا ہے۔ اجلاس میں شرکاء نے پنشن کی تاخیر سے ادائیگی اور موجودہ ماہ کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ 2 سال سے زائد عرصہ میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اب تک واجبات کی عدم ادائیگی کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ قائم مقام وائس چانسلر نے پیر کو ملنے کا وقت دیا اور پھر منع کر دیا گیا۔ اس اجلاس میں منظور ہونے والی قرارداد کی روشنی میں تمام شرکاء نے وائس چانسلر آفس کی طرف ریلی نکالی اور وائس چانسلر سے ملنے کے لیے وائس چانسلر آفس پہنچ کر یہ ریلی اختتام کو پہنچی۔

ریلی کے شرکاء نے وائس چانسلر نے ملنے کی کوشش کی لیکن وائس چانسلر اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے۔ باعث حیرت بات یہ ہے کہ اس وقت ٹریژرار اپنے دفتر میں موجود تھے لیکن ان کی طرف سے بھی ریٹائرڈ ملازمین سے ملنے سے اجتناب برتا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اکثریتی ریٹائرڈ ملازمین کے پاس اس مہنگائی کے دور میں گزر بسر کے لیے پنشن کے علاوہ کوئی دوسرا ذریعہ نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر ان کے مسائل کو حل نہیں کیا جاتا تو وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے اس احتجاج کے دائرہ کو وسیع کریں گے اور ضرورت پڑی تو اپنے طلبہ سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ بھی ان کی مدد کو آئیں اور اپنے اساتذہ کو ان کا حق دلوانے میں اپنا کردار اداکریں۔ شرکاء نے طے کیا کہ ایک بار پھر تمام ریٹائرڈ ملازمین کو بلایا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا اور یہ احتجاج پنشن اور واجبات کی ادائیگی تک جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین