کراچی) افواجِ پاکستان کے شہدائوں اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے ،مزارِ قائد کے آڈیٹوریئم میں قائد مزار مینجمنٹ بورڈ اور بُرکلن سیکنڈری اسکول کے اشتراک سے تقریب منعقد کی گئی۔
پروفیسر ڈاکٹر سید شرف علی شاہ ، چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے کہا کہ یقین کامل ہے کہ پاک فوج ، پاکستان کی طرف میلی آنکھوں سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکالنے اور اٹھنے والے ہاتھوں کو توڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ہماری فوج جذبہ ء ایمانی سے پہلے ہی سر شار تھی، اب اس کے اسلحہء خانے میں جدید ترین اور تباہ کردہ ہتھیاروں کے اضافے سے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔
پروفیسر ڈاکٹر سید شرف علی شاہ ، چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے مزید کہا کہ بُرکلن سیکنڈری اسکول کے طلبہ کا جذبہء حب الوطنی دیدنی تھا۔ پروگرام میں آرٹ گیلری کا بھی اہتمام کیا گیا ، جس میں طلبہ نے اپنے ہاتھوں سے تصاویر کے ذریعے افواجِ پاکستان کے شہدا ئوں اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جسے ماہرینِ تعلیم ، والدین اور طلبہ نے بے حد معلوماتی قرار دیتے ہوئے۔

انتہائی پسندیدگی کا اظہار کیا۔چیئرمین بورڈ نے تصویری نمائش کے اسٹال کا تفصیلی دورہ کیا اور حاضرینِ محفل کو ماہرِ تعلیم ارشد ملک نے نمائش میں موجود تصاویر کے بارے میں مُفید معلومات فراہم کیں۔
تقریب کا اصل مقصد، طلبہ میں جذبہ ء حب الوطنی پیدا کرنا اور افواجِ پاکستان کے شہدائوں اور غازیوں کے بارے میں آگاہی دینا اوران کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔میڈیا کوآرڈینیٹر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی ایم اے جعفری نے کہا کہ مقامی وسائل پر انحصار کرتے ہوئے بے مثالی دفاعی قوت کی بھرپور صلاحیت رکھنے کے باو جود پاکستان ایک پُر امن ایٹمی طاقت اور اسلامی دُنیا کا اہم مُلک ہے۔دُنیا میں امن کے قیام کے لئے افواج ِپاکستان نے اقوام متحدہ کے دستوں کے ساتھ مل کر بے مثال کردار ادا کیا ہے اور خاص طور پر جنوبی ایشیاء میں خاص اہمیت رکھنے کے باوجود پاکستان کی قربانیاں امن قائم رکھنے کے لئے کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہیں۔
انجینئر عبد العلیم شیخ ، ریزیڈنٹ انجینئر ، مزارِ قائد مینجمنٹ بورڈنے کہا کہ بانیء پاکستان حضرت قائد اعظم ؒ کے قول اتحاد ، تنظیم اور یقین ِ محکم پررہتے ہوئے ہماری افواج اپنی فضائوں ، ارض پاک اور اپنے سمندروں کی حدود کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔
اُمید ہے کہ ہمارے اذلی دشمن کو چشم کشا پیغام بھی مل گیا ہوگا اوراب وُہ یقینا سرحدوں پر جارحیت سے باز آنے میں عافیت سمجھے گا۔
اس موقع پر، بُرکلن سیکنڈری اسکول کے چیف ایگزیٹوآفیسر ارشد ملک نے پروفیسر پروفیسر ڈاکٹر سید شرف علی شاہ ، چیئر مین ، ثانوی تعلیمی بورڈکراچی اور ایم اے جعفری کوان کی تعلیمی خدمات پر ستارئہ خدمت اور انجینئر عبد العلیم شیخ ، شیفونہ اشرف، افشین خلیل،میجر اطہر میر، امتیاز احمد،میجر آصف ظہور، راجہ اظہر، غلام اکبر، قاری شمس اور دیگر اساتذہ کرام ، طلباء اور طالبات میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔
تقریب کامیابی کے ساتھ جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔

