ڈیرہ اسماعیل خان( )ڈیرہ بورڈمیں نمایاں پوزیشن لینے والے یونیورسٹی وینسم کالج گومل یونیورسٹی کے طلبا ء کی بہترین کارکردگی پر تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل وینسم کالج فتح خان سلیمان خیل تھے جبکہ ان کے ہمراہ یونیورسٹی وینسم کالج کے اساتذہ ، والدین اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل وینسم کالج فتح خان سلیمان خیل کا کہنا تھاکہ یونیورسٹی وینسم کالج کو بزنس فیکٹری نہیں بلکہ ایک تعلیمی ادارہ بنانا میری اولین ترجیح ہے اور الحمد اللہ آج کی کامیابی اس کی ایک کڑی ہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ڈیرہ کے سالانہ میٹرک نتائج2023میں یونیورسٹی وینسم کالج کے طلبا نے بہترین نمبر حاصل کرکے نمایاں پوزیشن حاصل کی جو یونیورسٹی وینسم کالج کے اساتذہ کی طلبا پر محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فتح خان سلیمان خیل کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی اور یونیورسٹی انتظامیہ کے بھرپور تعاون سے یونیورسٹی وینسم کالج میں بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں جس پر میں انکا مشکور ہوں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طلبا کا مستقبل کلاس روم سے وابستہ ہے کیونکہ انہی کلاسروم سے آگے جا کر یہ طلبا ارض پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں اور اپنے والدین اور ادارے کا نام روشن کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گرلز سیکشن کی انچارج رفہ رانی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی وینسم کالج میں طلبا کوبہترین تعلیم کی فراہمی کیساتھ ساتھ ان کے کردارپر بھی توجہ دی جاتی ہے تاکہ ان میں تعلیم کے ساتھ ساتھ شعور بھی پیدا ہو اور وہ بہترین اور معزز شہری بن سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں تمام طلبا ان کے والدین ‘اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ اور خصوصاوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کو آج کی کامیابی پر مبارک باد دیتی ہوں ۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل یونیورسٹی وینسم کالج فتح خان سلیمان خیل و دیگر اساتذہ نے نمایاں پوزیشن لینے والے طلبا میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیے۔

