جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالدمحمودعراقی نے کہا کہ ریسرچرز کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے بغیر اعلیٰ اورمعیاری تحقیق ممکن نہیں۔محققین کے تقاضوں کے مطابق ان کی ضروریات کو پوراکرناریاست کا کام ہے جبکہ محققین کاکام ملک ومعاشرے کو درپیش مسائل کا تحقیق کے ذریعے حل تلاش کرکے دیناہوتاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی میں ایم فل / پی ایچ ڈی پروگرام میں انرولڈ طلبہ کو جامعہ کراچی کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے ڈومین ku.edu.pk @کی سروسز فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمو دعراقی نے بتایا کہ جامعہ کراچی کے ایم فل / پی ایچ ڈی پروگرام میں انرولڈ طلباوطالبات کو آفیشل ای میل آئی ڈی کے ہمراہ جامع رینج کے حامل مفت مائیکروسافٹ لائسنسز فراہم کئے جائیں گے جن کی تعداد25 ہزارسے زائد ہے جو ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور مائیکروسافٹ کے اشتراک سے جامعہ کے ریسرچرز کو فراہم کئے جارہے ہیں۔جس کا مقصدجامعہ کراچی میں زیر تعلیم ریسرچرز کی بیرون ممالک کے ریسرچ جرنلز تک رسائی اور دنیا بھر کے محققین سے جوڑناہے۔
ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے مزید کہاکہ اگرچہ ان لائسنس کی قیمت سالانہ ادائیگیوں پر مارکیٹ میں بہت زیادہ لیکن جامعہ کراچی اپنے ریسرچرز کو یہ لائسنس بالکل مفت فراہم کررہی ہے تاکہ ہمارے ریسرچرز کو تحقیق کرنے میں زیادہ سے زیادہ آسانی ہو۔
اس موقع پر سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹرجنرل چارٹرانسپکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی نعمان احسن نے شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کے اس اقدام کو ریسرچ کے فروغ کے لئے ایک اہم قدم قراردیا۔انہوں نے ڈاکٹر خالد محمودعراقی کے اس اقدام اور مین کمیونیکیشن نیٹ ورک انجینئرجامعہ کراچی اشفاق خانزادہ کی اس منصوبے کی تکمیل کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی دیگر جامعات میں بھی اس کو متعارف کرایاجائے گا جس سے معیاری تحقیق میں مددملے گی۔
جامعہ کراچی پہلی مرتبہ ریسرچرزکو اس طرح کی سہولت فراہم کی جارہی جو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمودعراقی کے قیادت، ویژن اور سوچ کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ اعلیٰ اور معیاری تحقیق کے فروغ کے لے کوشاں ہیں۔

