جمعہ, نومبر 22, 2024
صفحہ اولتازہ ترینایم ڈی کیٹ کی تیاریاں مکمل، بیک وقت 40 ہزار امیدواروں کا...

ایم ڈی کیٹ کی تیاریاں مکمل، بیک وقت 40 ہزار امیدواروں کا امتحان لیا جائیگا، پروفیسر امجد سراج میمن

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کہا ہے کہ 10 ستمبر کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے پر امن اور شفاف انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

جامعہ کے بورڈ روم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کے ہمراہ انکا کہنا تھا کہ سندھ کے 4 بڑے شہروں میں 5 مقامات پر بیک وقت ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائیگا، مجموعی طور پر 40 ہزار535 امیدوار ٹیسٹ میں شرکت کریں گے، کراچی میں 15ہزار 191 امیدوار شریک ہونگے جن میں سے کراچی یونیورسٹی کے مسکن گرائونڈ میں 10ہزار اور ڈائو یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں 5 ہزار 191 امیدوار شرکت کرینگے۔

حیدآباد میں 13 ہزار 352، شہید بے نظیر آباد (نوابشاہ) میں 3ہزار 753 اور لاڑکانہ میں 8 ہزار 239 امیدوار امتحان دینگے۔ 200 سوالات پر مشتمل تحریری امتحان کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے ہوگا، ٹیسٹ صبح 10بجے شروع ہوگا جو ڈیڑٖھ بجے تک جاری رہے گا، امیدواروں کو امتحانی مراکز میں صبح 7 بجے سے 9 بجے تک داخلے کی اجازت ہوگی جس کے بعد کسی کو اندر آنے نہیں دیا جائیگا، امیدوار ایڈمٹ کارڈ کیساتھ 2 شناختی دستاویز لانے کا پابند ہے، امتحانی مراکز میں سیل فون، کیلکولیٹر، کتابیں، نوٹس، بیگز، الیکٹرانک ڈیوائسز مثلاً کسی بھی قسم کی گھڑیاں، ہیڈ فونز، بلوٹوتھ ڈیوائسز اور پین وغیرہ لانے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں امیدوار کو فوراً امتحانی مرکز سے نکالنے اور پیپر منسوخ کرنے کی سزا دی جائے گی۔

امیدواروں کو پانی کی بوتل، بسکٹ اور امتحانی پرچہ حل کرنے کیلئے قلم فراہم کیا جائیگا، والدین یا رشتہ داروں کو امتحانی مرکز کے احاطے اور اس کے آس پاس جانے کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ کراچی یونیورسٹی کے قریب 3 ہالز میں والدین کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے، امیدوار کی جانب سے غلط امتحانی مرکز پر پہنچنے کی ذمہ داری صرف امیدوار پر ہی عائد ہوگی، جے ایس ایم یو اس امیدوار کو درست امتحانی مرکز پر پہنچانے کی ذمہ دار نہیں ہوگی، صحافیوں کیلئے امتحانی مراکز کے باہر بیٹھنے کی جگہ مختص کی گئی ہے جہاں سے وہ رپورٹنگ کے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین