جمعرات, ستمبر 19, 2024
صفحہ اولتازہ ترینیوم دفاع کے حوالے سے جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد میں انٹر...

یوم دفاع کے حوالے سے جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد میں انٹر یونی ورسٹی اور انٹر کالج مقابلے

گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی حیدرآباد اور المنائی ایسوسی ایشن گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی حیدرآباد کے زیر انتظام جنگِ ستمبر 65ء کے حوالے سے یوم دفاع منایا گیا. یوم دفاع کے سلسلے میں ملی اور عسکری نغموں کے بین الجامعاتی اور بین الکالج مقابلے ہوئے. جامعات اور کالج کے طلبہ و طالبات کے درمیان الگ الگ مقابلے ہوئے. مقابلے میں حیدرآباد ریجن کی 6 جامعات اور 21 کالجز نے حصہ لیا. تقریب کا آغاز تلاوت قرآن, نعت رسول مقبول اور قومی ترانے سے کیا گیا۔

جامعات میں پہلی پوزیشن جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد کی طالبہ نویرہ نجم,دوسری شہید اللہ بخش سومرو یونی ورسٹی جام شورو کی سمن شفیق اور تیسری پوزیشن جامعۂ سندھ جام شورو کی وانیہ قاضی نے حاصل کی۔

طلبہ میں شہید اللہ بخش سومرو یونی ورسٹی جام شورو کے عباد حسین,مہران یونی ورسٹی جام شورو کے محمد خیسمہ اورصوفی یونی ورسٹی بھٹ شاہ کے امین جان عمرانی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بطور حوصلہ افزائی چوتھی پوزیشن جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد کے احمد خان اورزرعی یونی ورسٹی ٹنڈو جام کی غلام فاطمہ کو دی گئی۔

انٹر کالجیٹ مقابلے میں طلبہ میں گورنمنٹ سٹی کالج کے طالب علم یاسرلطیفی نے پہلی, پبلک اسکول حیدرآباد کے حسیب الرحمان نے دوسری اور ٹیبس کالج کے مرزا نوید بیگ نے تیسری پوزیشن حاصل کی. طالبات میں گورنمنٹ شاہ لطیف گرلز ڈگری کالج لطیف کی کی طالبہ ماہ نور نے پہلی,حیات گرلز کالج فاطمہ کیمپس کی حیا احسن نے دوسری اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لطیف آباد کی سیدہ سالکہ نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی. بطور اعزاز خصوصی پوزیشن گورنمنٹ غزالی کالج لطیف آباد کے رشی الطاف اور ہائیسٹ کالج کی علیزہ کو دی گئی۔

المنائی کی اس تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف تھیں. پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس ملک میں آزادی کا سانس لے رہے ہیں اسے قائم کرنے کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے تھے. اس کے دفاع کے لیے تینوں افواج نے 1948, 1965, 1971 اور 1999ء میں لازوال قربانیاں پیش کیں اور اپنے لہو سے دشمن کو جغرافیائی سرحدوں سے دور رکھا. بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رح نے پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے تعلیم, معیشت اور دفاع کے شعبوں کا بطورِ خاص ذکر کیا ہے یہ قائد کی دور اندیشی ہے کہ آج یہی شعبے سب سے زیادہ توجہ کے حق دار ہیں. ان شاء اللہ ہمارا عزم ہے کہ نوجوانوں میں علم و ہنر کے ذریعے معیشت کو مضبوط کریں گے اور دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

تقریب سے المنائی ایسوسی ایشن کی جانب سے نائب صدر سید برکات احمد رضوی نے خطبۂ استقبالیہ دیا. المنائی کے صدر عبدالرحمان راجپوت نے صدارتی خطاب کیا. افضل گجر نے شرکاء سے اظہار تشکر کیا. اس موقع پر گورنمنٹ کالج کے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خالد راجپوت, المنائی کے عہدیدران, جامعات اور کالجوں کے نمائندہ اساتذہ اور مہمانوں نے شرکت کی. منصفین کے فرائض ڈاکٹر ذوالفقار, سلطان لودھی, نصیر مرزا نے انجام دیے. اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف اور المنائی صدر عبدالرحمان راجپوت نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات, منصفین اور مہمانوں کو اسناد و انعامات اور اجرک کے تحفے پیش کیے. وائس چانسلر چاروں کیٹگری میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو نقد انعامات اور جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد کے طلبہ و طالبات کے لیے اسکالرشپ کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین