جمعہ, اکتوبر 18, 2024
صفحہ اولتازہ ترینسرسید یونیورسٹی اور پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر...

سرسید یونیورسٹی اور پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط۔

۔سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے تاکہ سرسید یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کے مابین تعلیمی سرگرمیوں میں تعاون کرتے ہوئے باہمی افہام و تفہیم اور علمی تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔

جن شعبوں میں دو طرفہ تعاون کیا جائے گا ان میں مشترکہ تحقیق، فائنل ایئر پروجیکٹس، سیمینارز، تربیتی ورکشاپس، سالانہ جاب فیئر،مختلف نوعیت کے آگاہی پروگرام، نوجوان گریجویٹس کے لئے ملازمتوں کا حصول، انٹرن شپ پروگرام اور صنعتی دورے وغیرہ شامل ہیں۔

سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ عصرِ حاضر میں جامعات حصولِ علم، تدریس و تحقیق، جدیدٹیکنالوجی کے استعمال، اور بہترین ملازمتوں کو حاصل کرنے کے لئے درکار پیشہ ورانہ تربیت اور علم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شخصیت سازی کے حوالے سے بھی ایک فعال اور موثر کردار ادا کررہی ہیں۔سرسید یونیورسٹی اس بات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے کہ مستقبل کی ضروریات اور تقاضوں کا ادراک کرتے ہوئے،آنے والے چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کے لئے دورِ حاضر میں عملی مشقوں کو قابلِ عمل بنایا جائے۔

پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن کے صدر ناصر شیخ نے کہا کہ آرگنائزیشن کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانا اورنوجوان کاروباری افراد کے لئے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے کاروبار کو وسیع کرنے اور فروغ دینے کے مواقع پیدا کرنا ہے۔پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ آرگنائزیشن کی رکنیت کے ذریعے نہ صرف آپ کی مہارتوں اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اسپانسرز و دیگر پروفیشنلز اور کورسز کے ایک پورے پیکج تک رسائی حاصل کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

اس موقع پر پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن کے نائب صدر فواد شیخ، جنرل سیکریٹری علی عرش خان، کور کمیٹی محمد عرفان ڈالیا اور یوتھ ونگ کی چیئر پرسن حِبا خان نے اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے نوجوان گریجویٹس کی تخلیقی کاوشوں اور صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کئے جانے والے اس معاہدے کے مختلف پہلوؤں کا اجاگر کیا۔

سرسید یونیورسٹی کی طرف سے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن کی جانب سے صدر ناصر شیخ نے معاہدے پر دستخط کئے۔

قبل ازیں کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد ریحان نے سرسید یونیورسٹی کے بارے میں ایک معلوماتی اور بہترین پریزنٹیشن دی۔تقریب کے شرکاء میں ڈائریکٹر فنانس، ناظمِ امتحانات، سربراہانِ شعبہ جات و دیگر شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین