ہفتہ, ستمبر 14, 2024
صفحہ اولتازہ ترینموسمیاتی تبدیلی کو روکنے کیلئے درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے،...

موسمیاتی تبدیلی کو روکنے کیلئے درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ

درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور اپنے شہر و ملک کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے اور بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلی کو روکنے کیلئے درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر ہر پاکستانی نے عمل کرنا ہے۔

ان خیالات کااظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے حلال احمر پاکستان کے تعاون سے گومل یونیورسٹی سب کیمپس ٹانک میں ہونیوالی شجرکاری مہم کے دوران کیا۔ اس موقع پر گومل یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹرز، انتظامی افسران سمیت ڈائریکٹر ٹانک کیمپس احسان اللہ دانش، حلال احمر پاکستان کے سیکرٹری زاہد جمیل اور ٹانک کیمپس کے اساتذہ ، افسران اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے ٹانک کیمپس میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کاافتتاح کیا۔ ٹانک کیمپس میں دیگر مہمانان نے بھی پودے لگائے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا کہنا تھا کہ گومل یونیورسٹی سب کیمپس ٹانک کیلئے حلال احمر پاکستان کے جانب سے5000پودے لگانے کے آغاز پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

گومل یونیورسٹی و سب کیمپس ٹانک مستقبل میں بھی حلال احمر کیساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے جس کیلئے جلد ہی دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے جائینگے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حدیث نبوی ۖ ہے کہ درخت لگانا ایسی نیکی جو بندے کی موت کے بعد بھی جاری رہتی ہے جبکہ وہ اپنی قبر میں ہوتا ہے ۔لہٰذا ہم سب کو چاہئے کہ ہم اس پر عمل کریں اور اپنے اپنے حصہ کا ثواب حاصل کرنے کیلئے درخت لگائیں کیونکہ پوری دنیا میں ہونیوالی موسمیاتی تبدیلی باعث تشویش ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری حلال احمر پاکستان ضلع ڈیرہ اسماعیل خان و ٹانک زاہد جمیل کا کہنا تھا کہ جب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ سے حلال احمر کی جانب سے شجرکاری مہم بارے تبادلہ خیال ہوا تو انہیں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی جس کا آج باضابطہ افتتاح ہو گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حلال احمر اور گومل یونیورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے کے بعد اور بھی فلاحی کام سر انجام دئیے جائینگے تاکہ دونوں ادارے ملکر بہتری کیلئے آگے بڑھیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر احسان اللہ دانش نے وائس چانسلر سمیت تمام معززمہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے ٹانک کیمپس کو موضع مارمہ میں ملنے والی 100کنال زمین کا دورہ بھی کیا اور وہاں بھی شجرکاری کی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ اساتذہ،افسران اور طلبا و طالبات نے بھی وہاں پودے لگائے اور ٹانک کیمپس کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔ شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنے کی غرض سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی سربراہی میں ایڈمنسٹریشن بلاک سے لیکر مین گیٹ تک واک بھی کی گئی۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری حلال احمر پاکستان زاہد جمیل نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ اور ڈائریکٹر احسان اللہ دانش کو شیلڈز بھی دیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین