جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر سید مسرور احمد کو سندھ میڈیکل کالج کا پرنسپل تعینات کردیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈین فیکلٹی آف میڈیسن الائیڈکے پروفیسر سید مسرور احمد کو سندھ میڈیکل کالج کے پرنسپل کی ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔ پروفیسر سید مسرور احمد نے ممتاز میڈیکل کالج کی قیادت سونپنے پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر مسرور احمد ایک انتہائی معزز معلم اور منتظم ہیں، وہ اپنے تعلیمی معیار اور اپنے طلباء کی فلاح بہبود کیلئے اپنی کوششوں کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں، وہ مریضوں کی دیکھ بھال اور کمیونٹی ہیلتھ کے حوالے سے ہمیشہ آواز بلند کرتے آئے ہیں۔ وہ میڈیسن میں ایف سی پی ایس ہیں اور سی پی ایس پی میں فیکلٹی آف میڈیسن کے سیکریٹری بھی ہیں۔
اس کے علاوہ 25 مضامین کے مصنف اور شریک مصنف بھی ہیں۔ ایس ایم سی کے پرنسپل کے طور پر پروفیسر مسرور سندھ میڈیکل کالج کے مجموعی انتظام و تکمیل کے ذمہ دار ہوں گے۔ اس کے علاوہ، وہ ایس ایم سی کے اساتذہ اور عملے کے ساتھ مل کر نئے تعلیمی پروگرامز اور منصوبوں کو تیار کرنے اور نافذ کرنے کے لیے بھی خدمات انجام دیں گے۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ پروفیسر مسرور سندھ میڈیکل کالج کے ایک بہترین پرنسپل ثابت ہوں گے، وہ ایک دور اندیش لیڈر ہیں اور ان کا ایک کامیاب ٹریک ریکارڈ بھی موجود ہے، جے ایس ایم یو اس ایم سی کے مقصد کو آگے بڑھانے اور طلباء کو بہترین ممکنہ طبی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پروفیسر مسرور کے اقدامات کی بھرپورحوصلہ افزائی کرے گی۔