قرآن کریم کی خدمت دنیا اور آخرت کی سعادتوں اور اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کا ذریعہ ہے۔ قرآن کریم سے جڑ کر ہی آج ہم تمام سیاسی اور معاشی مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار علمائے کرام نے الصدیق قرآن اکیڈمی کورنگی میں منعقدہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پوزیشن ہولڈر اور دیگر نمایاں طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی جامعہ بنوری ٹاؤن کے استاذ مولانا مفتی آصف رفیع، جبکہ دیگر مہمانوں میں دارالعلوم کراچی کے مفتی محمد طلحہ عبدالمالک اور مزار قائد کے خطیب و فاتحہ خوان مولانا قاری شمس الدین شامل تھے۔
مہمانان گرامی نے اپنے خطاب میں قاری محمد احمد صدیقی ڈائریکٹر الصدیق قرآن اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کے مثالی نظم و نسق اور معیاری نظام تعلیم کو سراہا اور طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آج امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کے مسلمان اس لیے زوال کا شکار اور مشکلات و مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں کہ انہوں نے قرآن کی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے عروج کا راز اسی میں ہے کہ وہ قرآن سے عملی اور فکری طور پر جڑ جائے، انہوں نے کہا کہ ہمارے زوال کی وجہ قرآن کی تعلیمات سے دوری ہے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے دعا کی گئی۔
واضح رہے کہ الصدیق قرآن اکیڈمی کا قیام جنوری 2023 میں عمل میں آیا اور تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز مارچ 2023 کو ہوا۔ ادارے کا الحاق جامعہ دارالعلوم کراچی کے ساتھ ہے۔