قوم کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ شرپسند عناصر کا پسندیدہ ایجنڈا ہے، جس کے تحت بار بار یونیورسٹی کو بند کروایا جا رہا ہے، تعلیمی اداروں میں شرپسند عناصر کا جا کر طلبہ کو ہراساں کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ جامعہ میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے ناظم عنایت اللہ فاروقی، ناظم عمومی شاہ احمد پیر زادہ نے وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس کی دوبارہ بندش کے حوالے سے مسلم میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند شرپسند عناصر کی وجہ سے بار بار تعلیمی ادارے کو بند نہیں رکھا جاسکتا، مسلسل تعطیلات کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
ہماری انتظامیہ سے درخواست ہے کہ تعلیمی اداروں میں موجود تعلیم دشمن عناصر کو لگام دی جائے اور ان کی شرپسندی اور شرارتوں کی سزا جامعہ کی بندش کی صورت میں طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف کو نہ دی جائے، تاکہ طلباءو طالبات بے خوف ہوکر اپنی تعلیمی سلسلے کو جاری و ساری رکھ سکیں اور اساتذہ و اسٹاف بھی اپنے فرائض بہتر طریقے سے سرانجام دے پائیں۔