ہفتہ, اپریل 26, 2025
صفحہ اولتازہ ترینپورے جہاں میں مثل مصطفی ؐکوئی نہیں، ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز

پورے جہاں میں مثل مصطفی ؐکوئی نہیں، ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز

دمشق، شام کی التہذیب یونیورسٹی کے پرنسپل ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز خطیب نے کہا کہ رب کعبہ کی قسم پورے جہاں میں پیارے حضرت محمد مصطفی ؐخاتم النبین سے افضل کوئی نہیں ہے اور پورے جہاں میں مثل مصطفی ؐکوئی نہیں،فضل میں،فضیلت میں،اخلاق میں،ایمان میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیبؐ کو سب سے زیادہ فضیلت عطافرمائی جوپیچھے گزرگئے ان سے بڑھ کر اور اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیبؐ کو جونورعطاکیاہے اس کی روشنی بہت بلند ہے۔

انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ہماری روح کی پرورش کرتے ہیں جو جسم میں عظیم خزانہ ہے جبکہ والد ین جسم کی پرورش کرتے ہیں جسم توختم ہوجاتاہے لیکن روح ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔آج امت جس گمراہی اور قتل وغارت گیری میں پڑگئی ہے،آپ نے اس کو بچاناہے اور علم کا جو پیغام آپ تک پہنچ رہاہے اس امانت کو آپ نے آگے پہنچاناہے۔رسول اکرم ؐ نے فرمایا کہ اللہ نے اس کو مقام دیا،اللہ نے اس کو جمیل کیا کہ جس نے سنا ہم سے ہماراکوئی فرمان اور اس پیغام کو اس نے اسی طرح آگے پہنچایاجیسے اس نے سنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اساتذہ کاہمیشہ اپنے والدین کی طرح احترام کرنااور ہمیشہ ان کے علم سے استفادہ کرنے کی کوشش کرتے رہنا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے انجمن محبان رسول ﷺ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام پارکنگ گراؤنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں منعقدہ ”محفل میلاد النبیﷺ“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز خطیب نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنے طلبہ کے دلوں کو صحیح عقائد سے مضبوط کرناہے تاکہ وہ کسی قسم کی شبہات کا شکارنہ ہوں اور ان کی ایسی روحانی تربیت کرنی ہے کہ وہ اپنے آپ کو برائی،گناہوں اور بری صحبت سے بچاسکے اور اس تربیت کی جوبنیاد ہوگی وہ قرآن وسنت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تم میں وقت کے غزالی پیداہوتصوف میں،وقت کے قرطبی پیداہوں تفسیر میں اور امام بخاری بنے علم میں حدیث میں اور امام نانوی بنے فقہ میں اور حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کی طرح بنے قرآن وتجوید میں اور خالد بن ولید ؓ بنے معرکہ جہاد میں اور نورالدین زنگی پیداہوں خلافت میں،تویہی وہ لوگ ہیں کہ جنہوں نے اپنی زندگی کی ایک ایک سانس اس پیغام کو پہنچانے میں گزاردی اور ہمیشہ اسلام کے پرچم کو بلندرکھا۔

اس موقع پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ہم دیگر معمولات زندگی میں حرام وحلال کی تمیزکو پس پشت ڈال دیتے ہیں لیکن جب کھاناکھاتے ہیں توحلال اور حرام کا سوال کرتے ہیں۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ مبارکہ انسانی زندگی کی تمام جہات کے لئے ایک مکمل اُسوہ حسنہ ہے،اگرہم رسول اکرمؐ کی تعلیمات پر دس فیصد بھی عمل کریں تو ہمارا معاشرہ بہت بہتر ہوسکتاہے اور اگرہم نے اپنی زندگی کے ہر عمل کو حضوراکرمؐ کی تعلیمات کے مطابق کرنا شروع کر دیں توہمیں پوری دنیا کے لئے ایک مثالی معاشرہ بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔نبی کریم ؐ سے محبت ہماراایمان ہے،ہمیں مشکل سے مشکل حالات میں بھی پیارے نبی حضرت محمدؐ کے پیغام کو پھیلاناچاہیئے جوہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ مغرب نے بہت سارے اصول اسلام اور حضوراکرمؐ کی حیات مبارکہ سے حاصل کئے جبکہ ہم اس سے دورہوتے جارہے ہیں جو ہماری تنزلی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ہمیں مسلمان اور خاتم النبیین حضرت محمدؐ کوماننے والے اور اس کا امتی ہونے پر فخرہوناچاہیئے۔

صدر انجمن محبان رسولؐپروفیسر ڈاکٹر صادق علی خان نے کہا کہ انجمن محبان رسولؐ کے بنیادی مقاصد میں علاقائی،لسانی اور گروہی سیاست سے آزاد رہ کر لوگوں میں اسلامی عقائد وتعلیمات کا شعور وفہم پیدا کرنا اور لوگوں کے دلوں میں عشق رسولؐ کی شمع روشن کرناہے۔
پروفیسرڈاکٹر حافظ محمد سہیل شفیق نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا جبکہ جنرل سیکریٹری انجمن محبان رسول ؐ منصورحسن قادری نے کلمات تشکر اداکئے۔

چیئرمین برکاتی فاؤنڈیشن حاجی محمد رفیق پردیسی نے بھی محفل میلاد النبیؐ سے خطاب کیا جبکہ علامہ عامر اخلاق شامی نے ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز خطیب کے خطاب کا اُردو ترجمہ کیا اور حضرت علامہ عبدالجبارنقشبندی نے آخر میں دعاکرائی۔

متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین