گومل یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ لینے والے طلبا ء کیلئے ٹیسٹ کا انعقاد یونیورسٹی وینسم کالج میں کیا گیا ۔ٹیسٹ کا انعقاد ڈائریکٹر ایڈمیشن ریاض احمد بیٹنی اور انکی ٹیم نے کیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر لیاقت حسین، ڈائریکٹر ایڈمن محمد عثمان سمیت دیگر انتظامی افسران، اساتذہ،سیکیورٹی سیکشن بھی موجود تھے۔ٹیسٹ میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے گومل یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلے لینے کیلئے امیدواروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرایڈمیشن ریاض احمد بیٹنی کا کہنا تھا کہ گومل یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے ٹیسٹ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی جانب سے جاری ہونیوالے قوانین کے تحت ہو رہے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی سربراہی میں گومل یونیورسٹی میں پر امن تعلیمی ماحول کی فراہمی جاری ہے اور گومل یونیورسٹی ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گومل یونیورسٹی میں ایم فل اورپی ایچ ڈی ٹیسٹ میں 1500سے زائد طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے جو طلباء اور ان کے والدین کا گومل یونیورسٹی پر اعتماد کی بڑی دلیل ہے ۔
ریاض احمد بیٹنی نے مزید کہا کہ میں بہترین ٹیسٹ انعقاد پر گومل یونیورسٹی انتظامیہ ، اساتذہ ،سٹاف سمیت خصوصی طور پر ضلعی انتظامیہ ‘محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے بھرپور تعاون پر ان سب کا مشکور ہوں۔ واضح رہے کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ٹیسٹ دینے والے طلبا کیلئے پانی سمیت بجلی کی ترسیل میں خرابی کی صورت میں سٹینڈ بائی جنریٹر کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ کے نتائج گومل یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشن کی جانب سے جاری ہونیوالے شیڈول کے مطابق گومل یونیورسٹی کی ویب سائیٹ www.gu.edu.pkپر شائع ہو جائیں گے ۔